فتح پر مصباح سجدے میں گرگئے آنکھوں میں خوشی کے آنسو

میچ تقریباً ہاتھوں سے نکل چکا تھا، آخری 2 اوورز میں صورتحال نے پلٹا کھایا،کپتان


Sports Desk November 28, 2013
یہ مکمل طور پر ٹیم ورک سے ممکن ہوا، آخر میں رنز روکنا اور کیچز تھامنا اہم ثابت ہوا، کپتان۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں فتح پر کپتان مصباح الحق سجدے میں گرگئے، آنکھیں مارے خوشی کے نم ہوگئیں، تاریخی کامیابی کو فائٹنگ اسپرٹ کا نتیجہ قرار دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی سیریز فتح ہمارے لیے کافی اہم ہے، میچ تقریبا ہمارے ہاتھوں سے نکل چکا تھا، آخری دو اوورز میں صورتحال نے پلٹا کھایا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلی مرتبہ باہمی ون ڈے سیریز میں قابو کیا، اس تاریخی کامیابی نے کپتان مصباح الحق بھی خوشی سے پھولے نہیں سمارہے، جیسے ہی پاکستان نے فتح حاصل کی، وہ جذباتی ہوگئے اور بے اختیار گرائونڈ پر سجدے میں گرگئے، اس موقع پر ان کی آنکھوں میں نمی صاف محسوس کی جا رہی تھی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ہمیں اس کامیابی کی خاص طور پر ضرورت تھی، ہم نے پہلی بار جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز میں شکست دی اور ان کے ملک میں ایسا کرنے سے اہمیت اور بھی بڑھ گئی۔



مصباح الحق نے مزید کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ میچ ہمارے ہاتھوں سے تقریبا نکل چکا تھا مگر آخری 2 اوورز میں واپس آئے، یہ مکمل طور پر ٹیم ورک سے ممکن ہوا، آخر میں رنز روکنا اور کیچز تھامنا اہم ثابت ہوا، سعید اجمل نے آخر میں اچھی بولنگ کی، جنید خان نے پہلے چار اور آخر میں 5 بہترین اوورز کرائے، ٹیم اس فتح کی خواہشمند تھی اس لیے آخری گیند تک فائٹ کی، یہی بات اس میچ میں ہمارے لیے ہم ثابت ہوئی۔ انھوں نے یو اے ای میں کھیلی گئی سابقہ سیریز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم وہاں پر بھی تین میچز آسانی سے جیت سکتے تھے مگر اس وقت جنوبی افریقہ نے زیادہ بہتر بولنگ کی اور ہم سے اچھا کھیلا، مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ یہاں پر ہمارا رویہ کافی مختلف تھا، ہر ایک کی تمنا جیت ہے، ہم دنیا کو دکھانا چاہتے تھے کہ سیریز جیت سکتے ہیں۔