ٹیکس چوری میں ملوث بڑے میڈیکل اسٹور پر چھاپہ

ریکارڈقبضے میں لے لیا گیا،ابتدائی انکوائری میں الزام ثابت ہوگیا، ایف بی آر ذرائع


Irshad Ansari November 29, 2013
ریکارڈقبضے میں لے لیا گیا،ابتدائی انکوائری میں الزام ثابت ہوگیا، ایف بی آر ذرائع. فوٹو : فائل

ڈائریکٹریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی ٹیم نے وفاقی دارلحکومت کے مہنگے تجارتی مرکز سپر مارکیٹ میں واقع لاکھوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث ایک معروف اور بڑے میڈیکل اسٹورپر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔

ابتدائی تحقیقات کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں میڈیل اسٹورز کی چین رکھنے والے اس بڑے اور معروف میڈیکل اسٹور کی طرف سے ٹیکس چوری کے ثبوت ملے ہیں جن کی روشنی میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ایف بی آر کے سینئر افسر نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ایف بی آر کے ماتحت ادارے ڈائریکٹریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کو موصولہ رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ اسلام آباد، جڑواں شہر راولپنڈی سمیت دیگر اہم اور بڑے شہروں میں بڑے میڈیکل اسٹورز کی چین رکھنے والی کمپنی کے سپرمارکیٹ میں واقع میڈیکل اسٹور لاکھوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث ہے۔



ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ میڈیکل اسٹور کے دستیاب اعدادوشمار کے موازنے کے بعد ڈی جی انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی ٹیم نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے اجازت لے کر اسٹور پر چھاپہ مارا اور کمپیوٹر کا سی پی یو سمیت دیگر تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ریکارڈ کی ابتدائی چھان بین کے دوران ٹیکس چوری کے شواہد ملے ہیں، چوری شدہ ٹیکس کی رقم کا تعین کرنے کیلیے مزید تحقیقات جاری ہیں، مذکورہ کمپنی کے دوسرے شہروں میں قائم میڈیکل اسٹورز پر بھی چھاپے مارے جانے کی توقع ہے کیونکہ مذکورہ میڈیکل اسٹور کی طرف سے دواؤں کے علاوہ کاسمیٹکس و دیگر ایسا سامان بھی فروخت کیا جاتا ہے جن پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی و دیگر ٹیکس عائد ہیں لیکن اس میڈیکل اسٹور کی طرف سے ان فروخت کردہ کاسمیٹکس و دیگر قابل ٹیکس اشیا پر عائد ٹیکس ایف بی آر کو جمع نہیں کرایا جارہا۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ میڈیکل اسٹور کے خلاف تحقیقات کے بعد ایف آئی آردرج کرائی جائیگی۔

مقبول خبریں