بھارتی ویمن کرکٹر نے سلیکشن کمیٹی کنوینر پر ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا

الپیش نے میری بیٹی کو شام کے وقت اسٹیڈیم طلب کیا، اس نے جب کچھ نامناسب حرکات شروع کیں تو وہ بھاگ کھڑی ہوئی, والد کرکٹر


Sports Desk November 29, 2013
مدھیہ پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سے شکایت کی گئی جس پر الپیش نے معذرت بھی کی۔ فوٹو؛ فائل

بھارت کی ایک 18 سالہ کرکٹر نے انڈر 19 سلیکشن کمیٹی کے کنوینر الپیش شا پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا۔

لڑکی کے والد سندیپ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ الپیش نے میری بیٹی کو شام کے وقت اسٹیڈیم طلب کیا، اس نے جب کچھ نامناسب حرکات شروع کیں تو وہ بھاگ کھڑی ہوئی اور سب کچھ مجھے بتایا، جس پر ہم نے مدھیہ پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایم کے بھارگوا سے شکایت کی، انھوں نے ہمیں الپیش کی موجودگی میں بلایا اور معذرت بھی کی۔ دوسری جانب الپیش نے کہاکہ چونکہ مذکورہ لڑکی منتخب نہیں ہوئی اس لیے مجھ پر الزام عائد کررہی ہے۔