جلدی امراض کے مؤثرعلاج کے لیے ’’ستارہ ذرات‘‘ ایجاد

ویب ڈیسک  جمعـء 13 مارچ 2020
سکے پر موجود اسٹار ذرات، انہیں اگر کریم یا جیل میں ملاکر لگایا جائے تو وہ جلد کے خردبینی مسام کھول دیتے ہیں (فوٹو: جورجیا ٹیک یونیورسٹی)

سکے پر موجود اسٹار ذرات، انہیں اگر کریم یا جیل میں ملاکر لگایا جائے تو وہ جلد کے خردبینی مسام کھول دیتے ہیں (فوٹو: جورجیا ٹیک یونیورسٹی)

جارجیا: خردبینی ذرات کو مرہم، لوشن، کریم یا جیل وغیرہ میں شامل کرکے ان کی جلد میں نفوذ کرنے کی صلاحیت کو بڑھایا جاسکتا ہے اور ان کے ذریعے بہتر انداز میں مسوں، انفیکشن اور جلدی امراض کا تیز رفتار علاج ممکن ہوسکے گا۔

نہایت باریک ذرات کو اسٹار یا ستارہ ذرات کا نام دیا گیا ہے جن سے جلدی امراض کے تیز رفتار علاج کی راہ کھلے گی۔ اس وقت دنیا کی نصف آبادی یا تو جلدی امراض کی شکار ہے یا ان میں مبتلا ہوتی رہتی ہے لیکن بہتر علاج اب بھی دور ہے۔ بعض جلدی بیماریوں میں بار بار ٹیکے لگانے پڑتے ہیں جن سے سائیڈ افیکٹس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے مارک پروسنز اور ان کے ساتھیوں نے اپنی کھوج کی تفصیل نیچر میڈیسن نامی مشہور جرنل میں شائع کرائی ہیں۔ سفوف کی ذرات کی مانند نظرآنے والے ان ذرات کو خردبین سے دیکھا جائے تو ان کے نوک دار کونے ستاروں کی طرح نکلے ہوتے ہیں اور کنارے باریک ہوتے ہیں۔

حقیقت میں ان ذرات کو خردبینی سوئیاں قرار دیا جاسکتا ہے اور ان کی تھوڑی مقدار جو جلد پر ملا جائے تو اس سے وقتی طور جلد پر باریک مسام (سوراخ) بن جاتے ہیں جن سے دوا اندر پہنچتی ہے۔

تجرباتی طور پر اسٹار ذرات کو جلد کے سرطان میں مبتلا چوہوں پر بھی آزمایا گیا ہے۔ جلد کے کینسر کی مشہور دوا 5 فلوروریکل میں اسٹار ذرات ملائے گئے اور اسے سرطانی گومڑ والی جگہ پر ملا گیا۔ ماہرین نے غور کیا کہ جب دوا میں ذرات شامل کیے گئے تو اس کا بہت فائدہ ہوا جو اس عمل کو مفید ظاہر کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق خردبینی ذرات وقتی طور پر جلد میں مسام بنا کر دوا کو اندر پہنچاتے ہیں اور یوں دوا کی تاثیر کو بڑھاتے ہیں۔ تاہم مزید آزمائش کے بعد ہی اسے انسانوں کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔