گلاسگو میں پولیس کا ہیلی کاپٹر شراب خانے کی چھت سے ٹکرا کر تباہ متعدد افراد زخمی

حادثہ کے وقت شراب خانے میں شائقین کی بڑی تعداد میوزک شو سننے میں مصروف تھی


AFP November 30, 2013
حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں 3افراد سوار تھے جب کہ شراب خانے میں تقریباً 120 افراد موجود تھے، پولیس حکام۔ فوٹو؛ رائٹرز۔

KARACHI: سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں پولیس کا ہیلی کاپٹر ایک شراب خانے کی چھت پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں 'دا کلوتھا' نامی شراب خانے میں شائقین کی ایک بڑی تعداد میوزک شو سننے میں مصروف تھی کہ پولیس کا ہیلی کاپٹر شراب خانے کی چھت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے باعث شراب کھانے کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد اندر ہی پھنس گئے۔ حکام نے ابھی تک کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی تاہم حادثہ کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں 3 افراد سوار تھے جب کہ شراب خانے میں تقریبا 120 افراد موجود تھے، ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق فی الحال صرف اس بات کی تصدیق کی جا سکتی ہے کہ شراب خانے کی چھت سے ٹکرا کر ہیلی کاپٹر تباہ ہوا۔ واقعہ کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی مزید کچھ کہا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب گلاسگو کے فرسٹ منسٹر ایلکس سیلمنڈ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے بڑے حادثے کے نتیجے میں ہمیں ہلاکتوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔