کوئی بھی خطرہ ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا، سربراہ پاک فوج

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مارچ 2020
چین نے بطور قوم یہ ثابت کرکے دکھایا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ

چین نے بطور قوم یہ ثابت کرکے دکھایا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا اور یہ  چین نے کرکے دکھایا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امدادتیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، یہ احکامات وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضہ کے طور پر انجام دیں گے، پاک فوج قومی کوشش کا حصہ ہوتے ہوئے اس ذمہ داری کو ادا کرے گی، کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا جیسا کہ چین نے کر دکھایا ہے،  انفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا اس میں ہی قومی کامیابی ہو گی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہر انفرادی حفاظتی قدم اہمیت کا حامل ہے، انفرادی طور پر کرونا وائرس سے اپنا بچاوٴ کرنا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے، پہلے انفرادی طور پر ایک ذمہ دار شہری بننا ہے تا کہ اجتماعی سطح پر حکومتی اور اداروں کی کوششیں کامیاب ہو سکیں، ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی کرونا وائرس کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرے، ایسا کرنے سے ہی قومی کوشش کامیاب ہو گی ۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔