جزوی لاک ڈاؤن کا آپشن صوبوں پر چھوڑ دیا گیا ہے، فردوس عاشق اعوان

ویب ڈیسک  پير 23 مارچ 2020
ہمیں وباء پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو تقویت دینا ہے، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

ہمیں وباء پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو تقویت دینا ہے، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جزوی لاک ڈاؤن کا آپشن صوبوں پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج پاکستان کو کورونا کی شکل میں چیلنج درپیش ہے، کورونا کے باعث پوری قوم مسائل کا شکار ہے، کوئی حکومت ڈنڈے کے زور پر ان چیلنجز کا مقابلہ نہیں کرسکتی، کورونا کےخلاف جنگ میں سب سے اہم دستہ عوام ہیں، عوام کی مدد سے اس چیلنج کا مقابلہ کریں گے.

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کل عوام کے درد کا اظہار کیا، لاک ڈاوَن کے حوالے سے مختلف آرا دی جارہی ہیں، اکثریت کی رائے تھی کہ پاکستان کو لاک ڈاوَن کی طرف جانا چاہیے، لاک ڈاوَن کی تعریف سے آگاہی ضروری ہے، جزوی لاک ڈاوَن کا فیصلہ صوبائی حکومت پر منحصر ہے، وفاق سندھ حکومت کے لاک ڈاوَن کی تشریح سے متفق نہیں، لاک ڈاوَن میں احکامات پر زبردستی عمل کرنے کےلیے فوج اور پولیس کو استعمال کیا جاتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آرٹیکل245 کے تحت صوبوں کو فوج طلب کرنے کا اختیارات دیا گیا ہے، صوبوں کو حالات کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیں گے، وزیراعظم عمران خان سمری کی منظوری دے چکے ہیں، کچھ لوگ خود کو قرنطینہ میں رکھ کر ملک سے باہر چلے گئے تھے، یہ لوگ عوام کو لاک اپ میں رکھ کر خود لاک اپ سے باہر آنا چاہتے ہیں، کورونا جیسے پر مسئلے پر سیاسی دکان چمکانا ٹھیک نہیں، وزیراعظم پر تنقید کرکےبہتری نہیں آئے گی، پوائنٹ اسکورنگ عوام کی اذیت کا باعث بنے گی، اس وقت اپنے ذاتی ایجنڈے اور مفادات کو قرنطینہ میں رکھیں، وزیراعظم قائدانہ کردار ادا کررہے ہیں، سیاسی محاذ پر نقب زنی کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 23مارچ کا جذبہ قیام پاکستان کا باعث بنا۔ آج اسی جذبے کے تحت ہمیں یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہم میں کوئی تقسیم نہیں،عوام کا تحفظ ، سلامتی اور صحت ہم سب کی ترجیح ہے۔ وباء پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو تقویت دینا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ 23 مارچ تاریخ کا وہ روشن دن ہے جب مسلمانانِ برصغیر کو ایک واضح نصب العین ملا۔ یہ اس دن کی یاد دلاتا ہے جب مسلمانوں نے برطانوی سامراج اور ہندو تسلط سے خود کو آزاد کرانے کے لئے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا۔ بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزاد وطن کے حصول کی بے مثال جدوجہد کی اور پاکستان کو دنیا کے نقشے پر لا کھڑا کیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ہونے والا ظلم قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 7 ماہ سے زائد محصور بے گناہ کشمیری عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں۔ مہذب دنیا کشمیریوں کو ان کا جائز، قانونی اور جمہوری حق دلوائے۔ وزیراعظم عمران خان ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔پاکستان استصواب رائے کا حق ملنے تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔