کے الیکٹرک صارفین کیلیے بجلی کی قیمت بڑھانے کی منظوری

ظفر بھٹہ  جمعـء 27 مارچ 2020
2 روپے 89 پیسے یونٹ اضافہ، نوٹی فکیشن 3 ماہ بعد جاری ہو گا، ای سی سی اجلاس
(فوٹو: فائل)

2 روپے 89 پیسے یونٹ اضافہ، نوٹی فکیشن 3 ماہ بعد جاری ہو گا، ای سی سی اجلاس (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد:  اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیکلیے ایمرجنسی فنڈز کی سمری کی منظوری دی گئی۔ جس کے تحت این ڈی ایم اے کو 5 ارب روپے جاری کرنے اور الیکٹرک صارفین کیلیے بجلی کی قیمت 2 روپے 89 پیسے بڑھانے کی منظوری دے دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اپنے اجلاس میں کے الیکٹرک کے لیے جولائی2016 سے مارچ 2019 تک ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی ہے جبکہ کے الیکٹرک کے لیے اس ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا نوٹیفکیشن 3ماہ بعد ہوگا۔کمیٹی نے کے الیکٹرک صارفین کیلیے بجلی ٹیرف میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ٹیرف کی منظوری دی۔ مختلف کیٹگریز کیلئے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ ایک روپے 9 پیسے سے 2 روپے 89 پیسے کلو واٹ بڑھائی گئی۔

خیال رہے نیپرا نے جولائی 2016 سے مارچ 2019 تک کے الیکٹرک کو فیول ایڈجسٹمنٹ بجلی کے بلوں میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی، سرچارج چار روپے اٹھاسی پیسے فی یونٹ کے حساب سے لگے گا، جس کے تحت کے الیکٹرک جولائی 2016 سیمارچ 2019 تک کے سابقہ بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ سر چارج وصول کرے گی۔کمیٹی نے فاٹا میں نادرا منصوبہ کے لئے 5 لاکھ 32 ہزار ڈالر کے مساوی ضمنی گرانٹ، پائیدار ترقی کے اہداف کے پروگرام کیلئے ساڑھے 5 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ ، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیلئے 27 کروڑ پچاس لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی۔

نیشنل الیکٹرک وہیکلز پالیسی کے مراعاتی پیکیج پر کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ایک ماہ میں سفارشات دے گی، کمیٹی میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن پٹرولیم حکام اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے نمائندے شامل ہونگے۔ روپے کی قدرمیں کمی سے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور تیل کمپنیوں کو خسارے کے معاملہ پرمہلت مانگ لی گئی۔ ایل پی جی ایئر مکس کے منصوبوں پر بلوچستان حکومت سے مشاورت کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔