ملتان سلطانز کو چیمپئن قراردیں، مشتاق احمد کا مطالبہ

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 29 مارچ 2020
نومبر میں باقی میچز سے چھٹا ایڈیشن کشش کھو بیٹھے گا، کوچ
۔ فوٹو: سوشل میڈیا

نومبر میں باقی میچز سے چھٹا ایڈیشن کشش کھو بیٹھے گا، کوچ ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 لاہور:  مشتاق احمد نے ملتان سلطانز کو پی ایس ایل 5 کا چیمپئن قرار دینے کا مطالبہ  کردیا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ سال کے آخر میں باقی میچز کا انعقاد کرنے سے چھٹا ایڈیشن بھی کشش کھو بیٹھے گا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث لیگ مرحلے پر ہی ختم ہونے والی پی ایس ایل 5 کو مکمل کرنے کیلیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، ایک یہ کہ سیمی فائنلز اور فائنل نومبر میں کرائے جائیں، دوسرا اگلے ایڈیشن سے ایک ہفتے قبل چیمپئن کا فیصلہ ہو،تیسری یہ کہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ملتان سلطانز کو ہی ٹرافی دے دی جائے،اس حوالے سے بھارتی نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہاکہ پی ایس ایل کو مکمل کرنا ضروری ہے۔

رواں سال کے آخر میں باقی مقابلے کرائے گئے تو چھٹے ایڈیشن میں کوئی کشش نہیں رہے گی، کھلاڑیوں کی مصروفیات کے سبب عدم دستیابی ہوئی تو فرنچائزز کو متوازن اسکواڈ تشکیل دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا،اس صورتحال میں مناسب یہی ہے کہ ایونٹ کو نتیجہ خیز بناتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ملتان سلطانز کو چیمپئن قرار دیا جائے، اینڈی فلاور اور عبدالرحمان کے ساتھ ملتان سلطانز کے کوچنگ پینل میں شامل مشتاق احمد نے کہا کہ اگر کوئی اور ٹیم  لیگ مرحلے میں سرفہرست ہوتی تب بھی میرا یہی مشورہ ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔