امریکا میں نامعلوم شخص نے ریستوران کو 10 ہزار ڈالر ٹپ دیدی

ویب ڈیسک  اتوار 5 اپريل 2020
فلوریڈا کے شہر نیپلز میں واقع ریستوران کو لاک ڈاؤن سے قبل دس ہزار ڈالر کی ٹپ دی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

فلوریڈا کے شہر نیپلز میں واقع ریستوران کو لاک ڈاؤن سے قبل دس ہزار ڈالر کی ٹپ دی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

فلوریڈا: کورونا وائرس لاک ڈاؤن سے ایک روز قبل ایک دریا دل صارف نے ریستوران کے پورے عملے کو بطور ٹپ 10 ہزار ڈالر دیئے ہیں جو پاکستانی روپوں میں 16 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

فلوریڈا کے شہر نیپلز میں واقع اسکیلٹس نامی ریستوران نے اپنے فیس بک پیج پر کہا ہے کہ سخاوت کے اس عمل سے پتا چلتا ہے کہ دنیا میں اس وقت بھی غیرمعمولی طور پر زبردست لوگ موجود ہیں۔

ہوٹل انتظامیہ نے بتایا کہ یہ خطیر رقم تمام ملازمین میں یکساں تقسیم کی جائیں گی کیونکہ ایک روز بعد ہی اسے لاک ڈاؤن کی وجہ سے زبردستی بند کروادیا گیا تھا۔

لاکھ کوشش کے باوجود اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آخر کس ہمدرد نے یہ رقم دی ہے۔ ریستوران انتظامیہ کے مطابق ان کے بہت سے گاہک مستقل ہیں لیکن ادارہ ان سب کے نام نہیں جانتا جس کی وجہ سے رحم دل شخص کو تلاش کرنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔

10 ہزار ڈالر  کی رقم اس ریستوران کے 20 ملازمین میں تقسیم کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔