عامل کے قتل کا الزام زیر حراست مرید سے تفتیش شروع

مقتول سلیم قائم خانی 12 سال سے کے بی آر سوسائٹی میں رہائش پذیر تھا، تفتیشی پولیس


Staff Reporter December 02, 2013
مقتول سلیم قائم خانی 12 سال سے کے بی آر سوسائٹی میں رہائش پذیر تھا، تفتیشی پولیس. فوٹو: فائل

تیموریہ انویسٹی گیشن پولیس نے عامل کے قتل کے الزام میں اس کے مرید کو حراست میں لے کر پوچھ کچھ شروع کردی۔

دیگر قریبی مریدوں کی گرفتاری کے لیے کئی چھاپے مارے گئے تاہم کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی،انویسٹی گیشن پولیس نے بتایا ہے کہ مقتول عامل 12 سال سے کے بی آر سوسائٹی میں مقیم تھا اور نشے کا عادی تھا، تفصیلات کے مطابق جمعرات بفرزون کے علاقے کے بی آر سوسائٹی میں واقع مکان سے48 سالہ عامل محمد سلیم قائم خانی عرف فوجی کی سر بریدہ لاش ملی تھی، واقعے کے اگلے روز جمعے کو سر بریدہ لاش کا سر سہراب گوٹھ پل پر لٹکا ہوا ملا تھا جس پر تیموریہ پولیس نے مقتول عامل سلیم کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر کے تفتیش شروع کردی تھی، تفتیش کے دوران تیموریہ پولیس نے عامل کے قتل کے الزام میں شک کی بنا پر اس کے ایک قریبی مرید شاہ نواز عرف شانی کو حراست میں لیکر پوچھ کچھ شروع کردی ہے۔



دیگر قریبی مریدوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے تاہم کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی، انویسٹی پولیس ذرائع کا کہنا ہے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری تک چھاپوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور پولیس کو جہاں سے بھی کوئی سراغ ملا وہاں چھاپہ مارا جائیگا، انھوں نے بتایا کہ مقتول عامل گزشتہ 12سال سے کے بی آر سوسائٹی میں رہائش پذیر تھا، انھوں نے بتایا کہ مقتول نشے کا عادی تھا اور فارغ اوقات میں اپنے آستانہ میں بیٹھ کر اپنے قریبی مرید عامر اور حیدر سمیت دیگر کے ہمراہ نشہ کیا کرتا تھا، انھوں نے بتایا کہ واقعاتی شواہد اور ابتک کی جانے والی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ مقتول عامل کے قتل کا واقعہ گہری ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔