دورہ یو اے ای کے لئے ٹیم مشاورت نہیں کی گئی حفیظ

برا وقت ہر کرکٹر پر آتا ہے، میری پرفارمنس اب بھی بہتر ہے، کپتان کی وطن واپسی پر گفتگو


Sports Desk December 02, 2013
برا وقت ہر کرکٹر پر آتا ہے، میری پرفارمنس اب بھی بہتر ہے، کپتان کی وطن واپسی پر گفتگو۔ فوٹو: گیٹی امیجز/فائل

ٹوئنٹی 20 کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ دورہ متحدہ عرب امارات کے لیے ٹیم کے انتخاب میں مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی۔

مجھے تو یہ بھی معلوم نہیں کہ اسکواڈ میں کون کون شامل ہے، برا وقت ہر کرکٹر پر آتا ہے پر میری پرفارمنس اب بھی کافی بہتر ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جنوبی افریقہ سے وطن واپسی پر کیا۔ گذشتہ روز یو اے ای میں افغانستان کے خلاف واحد اور سری لنکا سے دو ٹوئنٹی 20 میچز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا جب حفیظ لاہور پہنچے تو ان سے اسی بارے میں سوال کیا گیا جس پر انھوں نے کہا کہ میں جہاز پر تھا اس لیے کچھ بھی نہیں جانتا اور نہ ہی مجھ سے اس بارے میں کوئی مشاورت کی گئی ہے، مجھے تو یہ بھی معلوم نہیں کہ اسکواڈ میں کون کون شامل ہے، اب میں دیکھوں گا تو معلوم ہوگا۔ اپنی فارم کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میں اس بارے میں زیادہ فکرمند نہیں ہوں، اس طرح کی چیزیں کسی بھی کرکٹر کے ساتھ پیش آسکتی ہیں لیکن مجموعی طور پر میری پرفارمنس اتنی بھی بری نہیں ہے۔



حفیظ نے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران ٹیم کی پرفارمنس کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلی بار جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز میں شکست دی جوکہ خوشی کا مقام ہے اور میں اس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمیں اس فتح کی اشد ضرورت تھی، اس سے ٹیم کو دوبارہ فتوحات کی راہ پر گامزن ہونے میں مدد ملے گی میرے خیال میں اس کا سری لنکا سے سیریز میں بھی کافی فائدہ ہوگا۔ حفیظ نے مزید کہا کہ گرین شرٹس کی ٹوئنٹی 20 میں بھی پرفارمنس اچھی جارہی ہے، نوجوان کھلاڑی بہتر انداز میں پرفارم کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ سے ٹوئنٹی 20 سیریز 1-1 سے برابر کی تھی جبکہ ون ڈے میں 2-1 سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔