بھارتی کرکٹ میں ’ ڈبل‘ امیت مشرا غلط فہمی کا سبب بن گیا

اترپردیش کے فاسٹ بولر کے کارنامے ان کے ہم نام اسپنر سے منسوب کردیے جاتے ہیں


Sports Desk December 02, 2013
اترپردیش کے فاسٹ بولر کے کارنامے ان کے ہم نام اسپنر سے منسوب کردیے جاتے ہیں۔ فوٹو: فائل

بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک ہی نام کے دو پلیئرز کی موجودگی نے کنفیوژن پھیلا دی، فاسٹ بولر امیت مشرا کے کارنامے اسپنر مشرا کے نام منسوب کردیے جاتے ہیں۔

اترپردیش کے کم گو اور شرمیلے نوجوان پیسر اس ناانصافی پر آواز تک نہیں اٹھاتے۔ 21 سالہ فاسٹ بولر امیت مشرا کا تعلق کانپور سے ہے اور وہ اترپردیش کی جانب سے رنجی ٹرافی کھیل رہے ہیں جبکہ ایک امیت مشرا سینئر اسپنر ہیں جوکہ ہریانہ کی نمائندگی کرتے ہیں، یہ پیسر مشرا کا پہلا رنجی سیزن ہے، ان دونوں میں سوائے نام کے اور کوئی بھی قدر مشترک نہیں ہے، ایک فاسٹ بولر تو دوسرے اسپنر ہیں، اگر یو پی کے مشرا وکٹ لیتے ہیں تو اگلے روز اخبارات میں ان کی جگہ اسپنر مشرا کی تصویر چھپی ہوئی ہوتی ہے۔



ٹی وی چینلز والے مغالطے کا شکار ہوجاتے ہیں، راجستھان کے خلاف رنجی ٹرافی میچ میں فاسٹ بولر مشرا نے سات وکٹیں لیں مگر فوٹوگرافرز اس الجھن کا شکار رہے کہ ان کی شکل تو مشرا (اسپنر) سے ملتی ہی نہیں کسی غلط شخص کی تو تصویر نہیں اتار رہے ہیں۔ یو پی کے سلیکٹر جینندرا سنگھ کا کہنا ہے کہ ابھی پیسر مشرا کو شہرت نہیں ملی اس لیے یہ کنفیوژن ہورہی ہے جب وہ اپنا مقام بنالیں گے تو لوگ دونوں کو الگ الگ پہچاننے لگیں گے۔