لاک ڈاؤن کے باعث پالتو جانوروں اور پرندوں کا کاروبار بھی متاثر

آصف محمود  پير 6 اپريل 2020
شہریوں کو پرندوں کیلئے خوراک اور دانے کا حصول مشکل بن گیا ہے فوٹو: فائل

شہریوں کو پرندوں کیلئے خوراک اور دانے کا حصول مشکل بن گیا ہے فوٹو: فائل

لاہور  : کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے پالتو جانوروں اور پرندوں کی خریدوفروخت ناصرف بند ہے بلکہ دکانداروں کو سیکڑوں پرندے اورجانور گھروں میں محفوظ رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔

لاہور میں پالتو جانوروں اور فینسی پرندے فروخت کرنے والوں کی درجنوں دکانیں ہیں۔لاہور کی ٹولنٹن مارکیٹ، داتا دربار مارکیٹ، دھرم۔پورہ مارکیٹ اور کینال روڈ برڈ مارکیٹ میں درجنوں دکانیں بند پڑی ہیں۔ دکانداروں نے قیمتی جانوروں اور پرندوں کو گھروں میں منتقل کرلیا ہے جہاں وہ ان کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔

دھرم پورہ برڈ مارکیٹ کے مرکزی رہنما خالداقبال نے بتایا کہ گھروں میں فینسی اور قیمتی پرندوں کو رکھنا کافی مشکل کام ہے سب سے بڑا مسئلہ ان کے لیے خوراک کا حصول ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس مختلف اقسام کے ہزاروں پرندے اور جانور ہیں، ان میں سے 70 فیصد جانور اور پرندے انہوں نے مختلف دوستوں کے یہاں بھیج دیئے ہیں جنہوں نے بریڈنگ سینٹربنا رکھے ہیں یا پھر ان کے پاس کھلی جگہ میسر تھی۔

انجمن تاجران برڈ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کے نوٹی فکیشن کے مطابق برڈ شاپ مکمل طور پر بند ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو پرندوں کیلئے خوراک اور دانے کا حصول غیریقینی ہے ۔ پرندوں کیلئے خاص خوراک مارکیٹ میں نہ ملنے کی وجہ سے گھروں پر موجود پرندے مر رہے ہیں۔

انجمن تاجران برڈ ایسوسی ایشن کے صدر محمد سرفراز خان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ مختلف علاقوں میں موجود پرندوں کی دوکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ سیکڑوں پرندوں کو خوراک کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوسکے بصورت دیگر پرندوں کے بیمار ہو کر مرجانے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

دوسری طرف ڈپٹی کمشنرکی طرف سے پالتو جانوروں اور فینسی پرندے بیچنے والوں کو روزانہ 2 گھنٹے کے لئے دکانیں کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ دکاندار روزانہ دوپہر 2 سے 4 بجے تک دکانیں کھول کر پرندوں اورجانوروں کو خوراک دے سکتے ہیں تاہم اس دوران انہیں خریدوفروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔

گلبرگ کے رہائشی فرحان احمد کہتے ہیں انہوں نے گھر میں مختلف اقسام کے طوطے اورفیزنٹ رکھے ہوئے ہیں، ان کے پاس تقریبا ایک ہفتے کی خوراک موجود تھی جواب ختم ہوگئی ہے۔ مارکیٹ بھی بند ہے جبکہ ٹولنٹن مارکیٹ میں ایک،دو دکانیں چند گھنٹوں کے لیے کھلتی ہیں، ان لوگوں نے کتے،بلیوں اور پرندوں کی خوراک کے ریٹ دوگنا کردیئے ہیں

دوسری طرف بیلجیئم اور ہانک کانگ میں کتوں اور بلیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پالتوجانوروں کی پرورش اور ان کی خریدوفروخت سے جڑے افراد کے لیے پریشانی بڑھ گئی ہے اور اب ان جانوروں اور پرندوں کو بھی وائرس سے بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔