فیس کم نہ کرنیوالے اسکولوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 10 اپريل 2020
جو اسکول والدین سے فیس وصول کرچکے ہیں وہ 20 فیصد رعایت دیتے ہوئے انھیںواپس کریں یاآئندہ ماہ کی فیس میں کمی کرکے فیس وصول کریں، نوٹیفکیشن جاری

جو اسکول والدین سے فیس وصول کرچکے ہیں وہ 20 فیصد رعایت دیتے ہوئے انھیںواپس کریں یاآئندہ ماہ کی فیس میں کمی کرکے فیس وصول کریں، نوٹیفکیشن جاری

کراچی: محکمہ تعلیم نے کوروناوائرس کے پیش نظراپریل اورمئی کی فیسوں میں 20 فیصد کمی نہ کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کاعندیہ دیا ہے،ایسے نجی اسکولوں کے خلاف  آرڈیننس 2001 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ جونجی اسکول اپریل اورمئی کی فیسوں میں طالبعلموں کو20 فیصد رعایت نہیں دیں گے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منسوب صدیقی نے نجی اسکولوں کو احکام دیے ہیں کہ تدریسی وغیرتدریسی عملے کو پوری تنخواہوں کی ادائیگی بروقت کی جائے، جو اسکول والدین سے فیس وصول کرچکے ہیں وہ 20 فیصد رعایت دیتے ہوئے انھیں  ریفنڈ کریں یا آئندہ ماہ کی فیس میں کمی کرکے فیس وصول کریں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق والدین کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپریل اور مئی کی فیس 20 فیصد رعایت کے ساتھ جمع کرائیں تاکہ اسکول کے عملے کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جاسکے، ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی کے مطابق اسکولوں کے فیسوں میں 20 فیصد رعایت نہ دینے اور عملے کی تنخواہ بروقت ادا نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف آرڈیننس 2001 کے تحت کارروائی کی جائے گی، واضح رہے کہ محکمہ تعلیم نے کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر نجی اسکولوں کو اپریل اور مئی کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا پابند کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔