ورلڈ ٹی 20 جمعے کو100 روزہ کاؤنٹ ڈاؤن کا جشن منایا جائیگا

آئی سی سی کی معائنہ کار ٹیم نے بھی وینیوز کے حتمی جائزے کا آغاز کردیا


Sports Desk December 03, 2013
مین رائونڈ میں افغانستان کو اپنے گروپ میں پاکر میزبان ٹیم کے ہوش اڑ گئے .فوٹو:فائل

GHOTKI: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے 100 روزہ کائونٹ ڈائون کا جشن منانے کی منصوبہ بندی شروع کردی۔

آئی سی سی کی معائنہ کار ٹیم نے بھی وینیوز کے حتمی جائزے کا آغاز کردیا، دوسری جانب افغان ٹیم کی دہشت سے بنگال ٹائیگرز کے دل سہم گئے، مین رائونڈ میں افغانستان کو اپنے گروپ میں پاکر میزبان ٹیم کے ہوش اڑ چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ جمعے کو ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے 100 روزہ کائونٹ ڈائون کا جشن منانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، اس حوالے سے خصوصی طور پر ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مینز اور ویمنز دونوں قومی ٹیمیں موجود ہوں گی،آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ آئی سی سی کی ٹیم معائنہ کار ٹیم بھی کرس ٹیٹلی کی قیادت میں بنگلہ دیش پہنچ چکی جو سلہٹ، فتح اللہ اور شیر بنگلہ اسٹیڈیم ڈھاکا کا حتمی معائنہ کرے گی، میزبان ملک کو تمام وینیوز مکمل طور پر تیار کرنے کیلیے 30 اکتوبر کی آخری ڈیڈلائن دی گئی تھی جس میں بعد میں توسیع ہو گئی۔



دریں اثناانٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس بار ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا فارمیٹ یکسر تبدیل کردیا، جس کے تحت بنگلہ دیش اور زمبابوے جیسی ٹیموں کو بھی اب مین رائونڈ میں جگہ بنانے کیلیے کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنا پڑے گا، میزبان بنگلہ دیش گروپ اے میں افغانستان، ہانگ کانگ اور نیپال کے ساتھ موجود ہے جبکہ گروپ بی زمبابوے، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل ہے۔ افغان ٹیم کو اپنے گروپ میں پاکر بنگال ٹائیگرز کے ہوش اڑ چکے کیونکہ ہر گروپ سے صرف ایک ہی ٹیم مین رائونڈ میں جگہ پائے گی۔ افغانستان کی ٹیم نے انٹرنیشنل سرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور اس کے چند پلیئرز بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور ڈھاکا لیگ میں بھی کھیل چکے ہیں۔ کوچ شین جرجینسن نے کہا کہ ہمارے گروپ میں بنیادی خطرہ افغانستان ہے مگر ہمارے پلیئرز اس چیلنج کاسامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ بیٹسمین مومن الحق نے کہاکہ ہمیں خود پر اعتماد تو ہے مگر افغانستان ٹیم کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے محتاط رہنا ہوگا۔