اسپیشل اولمپکس ایشیا پیسفک گیمز نیہا نے 400 میٹر میں چاندی کا تمغہ جیت لیا

صائمہ نے چوتھی پوزیشن حاصل کی، ہنٹر اسٹیڈیم میں رنگارنگ افتتاحی تقریب


Sports Desk December 03, 2013
نیو کاسل:اسپیشل اولمپکس ایشیا پیسفک گیمز میں سلور میڈل پانے پر پاکستان کی نیہا کا فاتحانہ انداز ۔ فوٹو : آئی این پی

پہلے اسپیشل اولمپکس ایشیا پیسفک گیمز میں پاکستان کی نیہا ارشد نے 400 میٹر ریس میں چاندی کا تمغہ جیت لیا۔

اسی ایونٹ میں صائمہ ایوب نے چوتھی پوزیشن حاصل کی، اس سے قبل اتوار کی شب ہنٹر اسٹیڈیم میں ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی دستے کی قیادت چیف ڈی مشن انیس الرحمان اور ڈپٹی چیف ڈی مشن رونق لاکھانی نے کی، سڈنی میں متعین پاکستانی قونصلر جنرل عبدالعزیز عقیلی نے بھی پریڈ میں قومی دستے کے ہمراہ مارچ کیا۔تفصیلات کے مطابق پہلے اسپیشل اولمپکس ایشیا پیسفک گیمز میں پاکستان کی نیہا ارشد نے400 میٹر ریس میں سلور میڈل جیت کر قوم کا سرفخر سے بلند کردیا، انھوں نے مقررہ فاصلہ ایک منٹ 40.09 سیکنڈ میں طے کرکے دوسری پوزیشن پائی،ایونٹ کا گولڈ میڈل سمائو کی لیلوفی کے نام رہا۔



انھوں نے ایک منٹ 30.28 سیکنڈ میں فاصلہ طے کیا، اسی ایونٹ میں پاکستان کی دوسری ایتھلیٹ صائمہ ایوب نے چوتھی پوزیشن حاصل کی، 7 روزہ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹ 100، 200 ، 400 ، 800 اور 1500 میٹر ریس میں حصہ لے رہے ہیں، پاکستان کے اسپیشل ایتھلیٹس لانگ جمپ 4x100 میٹر ریلے میں بھی قسمت آزمائیں گے، قبل ازیں اتوار کی شب ہنٹر اسٹیڈیم میں ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 35 ہزار شائقین نے تین گھنٹے جاری رہنے والے پروگرام سے بھرپور لطف اٹھایا، پاکستانی دستے کی ایتھلیٹ صائمہ نے ٹارچ تھامی، سڈنی میں متعین پاکستانی قونصلر جنرل عبدالعزیز عقیلی نے بطور خاص شرکت کی، دستے کی ڈپٹی چیف ڈی مشن رونق لاکھانی اور چیف ڈی مشن انیس الرحمان کے ساتھ مارچ پاسٹ میں قومی ایتھلیٹ کے ساتھ شرکت کی، ایونٹ میں پاکستان کے 60 ایتھلیٹس شریک ہیں۔