اسکواشفرحان کی ہمت سیمی فائنل میں جواب دے گئی

مصری حریف کریم کے ہاتھوں شکست، ہانگ کانگ سیریزسے ناصر اقبال آئوٹ


Sports Desk December 03, 2013
ہانگ ہانگ سپرسیریز میں پاکستان کے ناصر اقبال کوالیفائنگ رائونڈ سے آگے نہ بڑھ سکے .فوٹو: فائل

البریٹا اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑی فرحان زمان کی ہمت سیمی فائنل میں جواب دے گئی۔

پاکستانی اسٹار کو سیکنڈ سیڈ مصری حریف کریم الفتی نے1-3 سے مات دی۔ دوسری جانب ہانگ ہانگ سپرسیریز میں پاکستان کے ناصر اقبال کوالیفائنگ رائونڈ سے آگے نہ بڑھ سکے، انھیں کمتر رینکن فرن کھلاڑی لوکاس سرمیے نے باآسانی 3-0 سے آئوٹ کلاس کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کینیڈین شہر البریٹا میں پی ایس اے ایونٹ کے سیمی فائنل میں ورلڈ نمبر 68 فرحان کو سیکنڈ سیڈ مصری کریم الفتی کا چیلنج درپیش تھا، پاکستانی اسٹار کو پہلے گیم میں11-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، انھوں نے دوسرا گیم 11-7 سے جیت کر مقابلہ برابر کردیا۔

تیسرے میں فرحان کو 6-11 سے شکست ہوئی۔ چوتھے میں بھی وہ جم کر مصری حریف کا مقابلہ نہ کرسکے اور6-11 سے شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگئے، فائنل ٹاپ سیڈ مصری مروان الشوربی اور کریم الفتی کے مابین کھیلا گیا جس میں مروان نے 3-1 سے کامیابی حاصل کی۔ دوسری طرف ہانگ کانگ سپرسیریز میں پاکستانی پلیئر ناصراقبال کوالیفائنگ رائونڈ سے آگے نہ بڑھ سکے، انھیں فرانس کے کمتر رینک کھلاڑی لوکاس سرمیے نے3-0 سے آئوٹ کلاس کردیا، ان کی فتح کا اسکور11-3,13-11 اور11-8 رہا۔ایک لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم کے حامل ایونٹ میں ٹاپ رینکنگ کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔