بیرونِ ملک میں نہیں اپنی سرزمین پر مرنا چاہتی ہوں، نیو یارک میں پھنسی میرا کی اپیل

ویب ڈیسک  پير 20 اپريل 2020
اس وقت نیو یارک قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے، اداکارہ میرا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اس وقت نیو یارک قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے، اداکارہ میرا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 کراچی: اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ میں بیرونِ ملک میں نہیں بلکہ اپنی سرزمین پر مرنا چاہتی ہوں اس لیے میری واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔

کورونا وائرس کے باعث امریکا میں پھنس جانے والی اداکارہ میرا نے ویڈیو پیغام کے ذریعے روداد بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں کچھ ساتھی فنکاروں کے ہمراہ فلم کی شوٹنگ اور شوز کی غرض سے امریکا آئی تھی، کورونا وائرس کے خطرات کے باعث میرے ساتھ موجود تمام لوگ پاکستان واپس چلے گئے لیکن میں یہیں نیویارک میں پھنسی ہوئی ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیسوں کی کمی کی وجہ سے میری یہاں گزر بسر کٹھن ہوگئی ہے، دوسری جانب نیو یارک کی صورتحال اتنی گمبھیر ہو گئی ہے کہ یہ ایک قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے، یہاں روز ہزاروں کی تعداد میں اموات ہو رہی ہیں، موت برحق ہے لیکن میں بیرون وطن نہیں بلکہ اپنے وطن میں مرنے کو ترجیح دوں گی۔

میرا نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیشہ ہم فنکاروں کو سپورٹ کیا، تمام ممالک اپنے شہریوں کو واپس لا رہے ہیں، اس لیے میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر التجا کرتی ہوں کہ میری بھی واپسی کے لیے انتظامات کیے جائیں کیوں کہ میں اپنی سرزمین پر ہی مرنا چاہتی ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔