آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی حکومت کی مسلم مخالف پالیسیاں پریشان کن ہیں پاکستان

بھارت کو مشورہ ہے کہ بین الاقوامی برادری کی بات سنے اوراقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائے، پاکستان


ویب ڈیسک April 20, 2020
بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بلوائیوں کے حملوں کے خدشات کو ہوا دی جارہی ہے، پاکستان(فوٹو: فائل)

پاکستان نے کہا ہے کہ آر ایس ایس سے متاثر اور مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کرنے والی بے جے پی حکومت کی پالیسیاں پریشان کن ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے پاکستانی قیادت کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ اور بلاجواز ریمارکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی بیان اقلیتوں کے حقوق سے دائمی انکار کا عکاس ہے۔

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کا معاملہ تشویش کا باعث ہے، خاص طور پر بھارت میں مسلمانوں کے حقوق سے مسلسل انکار کیا جارہا ہے، اس حوالے سے نہ صرف بھارتی اقلیتوں بلکہ ہمسایہ ممالک اور بین الاقوامی برادری کو تشویش ہے، دنیا بھر سے باضمیر لوگ اس پر آوازیں بلند کر رہے ہیں۔

پاکستان نے مزید کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء سامنے آنے کے باوجود آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی حکومت کی مسلمان مخالف امتیازی پالیسیاں پریشان کن ہیں، مسلمانوں کے خلاف بلوائیوں کے حملوں کے خدشات کو ہوا دی جارہی ہے، اس حوالے سے بھارتی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس موجود ہیں، بھارت کو مشورہ ہے کہ اپنی اقلیتوں، سول سوسائٹی، ہمسایوں اور بین الاقوامی برادری کی بات پرکان دھرے، اور اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

مقبول خبریں