کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 ہزار 328 ہوگئی 281 جاں بحق

ملک بھر میں مجموعی طور پر دو ہزار 936 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دے دی


ویب ڈیسک April 26, 2020
کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں فوٹو: فائل

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہزار 328 ہوگئی جب کہ اب تک یہ وائرس 281 افراد کی جان لے چکا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں لوگوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد اس وائرس کا شکار افراد کی مصدقہ تعداد 13 ہزار 328 ہوگئی ہے تاہم اس میں سے 2936 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے۔

کہاں کتنے مریض

پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد 5464 ہے، اس کے علاوہ سندھ میں 4615، خیبرپختونخوا 1864، بلوچستان میں 781، اسلام آباد میں 245، گلگت بلتستان میں 318 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 59 ہوگئی ہے۔


ایک دن میں 12 افراد جاں بحق

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس نے ایک دن میں مزید 12 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد ملک میں اس وائرس کے ہاتھوں جہاں فانی سے کوچ کرنے والوں کی تعداد 281 ہوگئی ہے۔

معاہدے پر عمل درآمد پر تحفظات

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کو ہر سوچ اور مکتبہ فکر کے افراد کا تعاون درکار ہے، موجودہ صورتحال میں امام، خطیب اور موذن کا بھی اہم کردار ہے، عوام کی نظریں مذہبی رہنماؤں اورعلما کی طرف ہیں، حکومت اور علما کے درمیان معاہدے پر عمل درآمد پر تحفظات ہیں۔

صحافی بھی کورونا کا شکار

آزاد کشمیر میں 2 صحافیوں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد سینٹرل پریس کلب مظفر آباد کو ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

رمضان المبارک کے لیے احتیاطی تدابیر اور اصول

حکومت نے رمضان المبارک کے دوران کورونا سے بچنے کے لیے عبادات سمیت مختلف شعبوں کے لیے احتیاطی تدابیر پر مشتمل رہنما اصول جاری کردیے ہیں۔ جس کے تحت مساجد میں 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور بچوں کی اجازت نہیں ہوگی، رمضان المبارک کے دوران مساجد کا رخ کرنے والوں کے لیے گھر سے وضو کرکے آنا، باجماعت نماز اور تراویح کے لیے صفوں کے درمیان چھ فٹ کا فاصلہ رکھنا، سحر و افطار کے اجتماعات نہیں ہوں، قالین یا چٹائی اٹھا کر فرش کو باقاعدگی سے کلورینٹڈ پانی سے دھونا ہوگا۔ اعتکاف کے خواہش مند گھر پر ہی اعتکاف بیٹھیں گے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

مقبول خبریں