ٹیلرکی کھوئی فارم واپس آگئی ناقابل شکست ڈبل سنچری

پہلے ٹیسٹ میں کیویز کی اننگز 609 پر ڈیکلیئرڈ، مہمان ٹیم کے67 رنز پر 2 پلیئرز رخصت


Sports Desk/AFP December 05, 2013
ٹیلر نے 319 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 23 چوکے جڑے، چار بائونڈریز انھوں نے شینن گیبرائل کے ایک اوور میں جڑیں۔فوٹو: اے ایف پی

متنازع انداز میں قیادت سے محروم کیے جانے والے روس ٹیلر کی کھوئی ہوئی فارم واپس آ گئی۔

کیوی بیٹسمین نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ناقابل شکست ڈبل سنچری داغ دی،میزبان نے 609 رنز 9 وکٹ پر اننگز ڈیکلیئرڈ کی، ٹیلر نے ناقابل شکست 217 رنز بنائے،اس دوران میک کولم کے ساتھ 195 کی ریکارڈ شراکت بھی بنائی، کپتان 113 پر آئوٹ ہوئے، جواب میں ویسٹ انڈیز نے دن کے اختتام تک 67 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں۔ تفصیلات کے مطابق روس ٹیلر نے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کرکے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی ٹیم کو مضبوط پلیٹ فارم فراہم کردیا، انھوں نے ناٹ آئوٹ 217 رنز بنائے، اس دوران ٹیلر نے 319 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 23 چوکے جڑے، چار بائونڈریز انھوں نے شینن گیبرائل کے ایک اوور میں جڑیں، پوری اننگز میں ٹیلر نے صرف ایک موقع فراہم کیا جب وہ 131 رنز پر تھے مگر شین شلنگفورڈ کی گیند پر کیرن پاول کیچ تھامنے میں ناکام رہے۔



قبل ازیں نیوزی لینڈ نے دوسرے دن کھیل کا آغاز 367 رنز تین وکٹ سے کیا، جلد ہی مہمان سائیڈ کو کامیابی نصیب ہوئی جب برینڈن میک کولم کو 113 رنز پر ڈیرن سیمی نے بولڈ کیا، انھوں نے ٹیلر کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلیے 195 رنز کی ریکارڈ شراکت بنائی، جلد ہی کورے اینڈرسن بغیر کوئی رن بنائے ٹینو بیسٹ کی گیند پر رامدین کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، بریڈلی جان واٹلنگ نے ٹیلر کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 84 رنز جڑے، وہ 41 رنز پر بیسٹ کا شکار بنے کیچ براوو نے تھاما، نرسنگھے ڈیونرائن نے ٹم سائوتھی (2) اور اش سودھی (35) کوقابو کیا، جب نیل ویگنر 37 رنز پر رن آئوٹ ہوئے تو کپتان میک کولم نے اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، ٹینو بیسٹ نے تین جبکہ ڈیرن سیمی اور ڈیونرائن نے 2،2 وکٹیں لیں۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی 24 پر 2 وکٹیں گرگئیں ، کرک ایڈورڈز بغیر کھاتہ کھولے بولٹ کی گیند پر فلٹن کے ہاتھوں کیچ ہوئے ،7 کے انفرادی اسکور پر پاول کو سائوتھی نے واٹلنگ کی مدد سے میدان بدر کیا، جب دن کا اختتام ہوا تو ٹیم نے 67 رنز بنالیے تھے، ڈیرن براوو 37 اور مارلون سموئلز 14 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔