بھارت کی فیوچر ٹور پروگرام سے چھیڑخانی بڑھنے لگی

نیوزی لینڈ کوآئندہ برس پاکستان سے کھیلنے کے بجائے اپنے ملک آنے کی دعوت


Sports Desk December 06, 2013
بی سی سی آئی آفیشل نے تصدیق کی کہ آئندہ برس اکتوبر نومبر میں ویسٹ انڈیز کے بجائے کیویز کو ہوم سیریز کیلیے مدعو کیا گیا

بھارت کی فیوچر ٹور پروگرام کے ساتھ چھیڑخانی بڑھنے لگیں، نیوزی لینڈ کو پاکستان کے بجائے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دے ڈالی۔

بی سی سی آئی آفیشل نے تصدیق کی کہ آئندہ برس اکتوبر نومبر میں ویسٹ انڈیز کے بجائے کیویز کو ہوم سیریز کیلیے مدعو کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کو آئندہ برس کے آغاز میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے اب اس نے کیوی ٹیم کو اکتوبرنومبر میں جوابی دورے کیلیے بھی مدعو کرڈالا۔ فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق بھارت کو اس عرصے میں ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرنا ہے مگر چونکہ بھارت پہلے ہی جنوبی افریقی ٹور کو مختصر کرنے کی خاطر رواں برس ویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز کھیل چکا اس لیے وہ چاہتا ہے کہ اگلے برس کے لیے نیا حریف ڈھونڈا جائے، اس مقصد کیلیے اس نے نیوزی لینڈ کو ٹور کی دعوت دے ڈالی ہے۔



اکتوبر میں تو کیوی ٹیم فارغ ہی ہوگی تاہم نومبر میں ایف ٹی پی کی رو سے اسے پاکستان کے ساتھ اوے سیریز کھیلنی ہے جو تین ٹیسٹ، اتنے ہی ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 پر مشتمل ہے، دیگر بورڈز کی طرح نیوزی لینڈ کا بھی مالی طور پر بہت زیادہ انحصار بھارت پر ہی اس لیے وہ کسی بھی صورت اسے ناراض نہیں کرنا چاہے گا، اگر نیوزی لینڈ نے بھارت کی جانب سے اکتوبر اور نومبر میں ٹور کی دعوت قبول کرلی تو لامحالہ اس سے پاکستان کے ساتھ سیریز پر اثرات پڑسکتے ہیں کیونکہ دسمبر میں گرین شرٹس کوپھر زمبابوے سے بھی سیریز کھیلنی ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک ٹاپ آفیشل کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم جنوری فروری میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی اور اکتوبر نومبر میں ہم کیویز کی میزبانی کیلیے تیار ہیں۔