طیارہ حادثہ؛ فرانسیسی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے

ویب ڈیسک  منگل 26 مئ 2020
ٹیم اپنے ساتھ جہاز کا بلیک باکس فرانس لے جائے گی فوٹو: فائل

ٹیم اپنے ساتھ جہاز کا بلیک باکس فرانس لے جائے گی فوٹو: فائل

 کراچی: ایئر بس کی 11 رکنی فرانسیسی ماہرین کی ٹیم نے طیارہ حادثے کی جگہ سے اہم تصاویر اور وڈیو کی شکل میں شواہد اکٹھے کئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق معروف طیارہ ساز کمپنی ایئر بس کے ماہرین پر مشتمل 11 رکنی فرانسیسی ماہرین کی ٹیم نے ماڈل کالونی میں طیارہ حادثے کی جائے وقوعہ کا دورہ کیا، اس موقع پر انہیں سول ایوی ایشن کے فائر ڈپارٹمنٹ، پی آئی اے کے فلائٹ سیفٹی اور انجینئرنگ کے افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔

ایئر بس کی ٹیم نے حادثے کے شکار طیارے کے ملبے، انجن، لینڈنگ گیئر، ونگز اور فلائٹ کنٹرول سسٹم کا جائزہ لیا، ٹیم نے طیارہ ٹکرانے سے ٹوٹنے والے گھروں کا معائنہ بھی کیا اور طیارے کے ملبے اور متاثرہ عمارتوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنائی گئی۔

ایئر بس کے ماہرین کی 11 رکنی ٹیم خصوصی طیارے کی پرواز اے آئی بی 1888 کے ذریعے آج ہی کراچی پہنچی ہے۔ ٹیم اپنی تحقیقات کرکے آج رات ہی روانہ ہوجائے گی اور اپنے ساتھ طیارے کا بلیک باکس لے جائے گی، جس سے حادثے کی تحقیقات میں مزید اہم شواہد ملیں گے۔

واضح رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ پی کے 8303 کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اترنے سے کچھ منٹ قبل ہی تکنیکی خرابی کے باعث قریبی آبادی میں گر گر تباہ ہوگیا تھا۔ طیارے میں میں 99 افراد سوار تھے، جن میں سے 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔