سندھ میں ایک دن کے دوران کورونا کے ریکارڈ 1824 نئے کیسز

ویب ڈیسک  بدھ 3 جون 2020
 سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 29 مریض انتقال کرگئے فوٹو: فائل

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 29 مریض انتقال کرگئے فوٹو: فائل

 کراچی: سندھ میں کورونا کی وبا نے اپنے پجنے مضبوطی سے گاڑ لیئے ہیں اور ایک دن کے دوران ریکارڈ 1824 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

سندھ میں کورونا وبا کی تازہ ترین صورت حال سے متعلق اپنے بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پہلی مرتبہ سب سے زیادہ 7547 ٹیسٹ کیے گئے اور سب سے زیادہ 1824 نئے کیسز سامنے آئے، 1824 نئے کیسز میں سے 1284 کا تعلق کراچی سے ہے، سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 32 ہزار910 جب کہ کراچی میں 26 ہزار78 ہوگئی۔ صوبے بھر میں 487 افراد نے اس مرض کو شکست دے دی ہے جس کے بعد صحتیاب افراد کی تعداد 16 ہزار 22 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 29 مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 555 ہوگئی ہے۔اس وقت 367 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، جن میں سے 56 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔