شہباز شریف کو اب بیرون ملک جانے نہیں دیا جائے گا، وزیر اطلاعات

ویب ڈیسک  بدھ 3 جون 2020
جب یہ اقتدار میں نہیں ہوتے یا نیب کا وارنٹ جائے تو ملک سے فرار ہوجاتے ہیں، شبلی فراز. فوٹو: فائل

جب یہ اقتدار میں نہیں ہوتے یا نیب کا وارنٹ جائے تو ملک سے فرار ہوجاتے ہیں، شبلی فراز. فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق کابینہ میں کوئی بات نہیں ہوئی لیکن اب نہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ معیشت کے ٹڈی دل آج کل بہت ایکٹو ہیں، شہباز شریف اسمبلی میں اس لیے نہیں آتے کیوں کہ انہیں کورونا وائرس کا خطرہ ہے، کورونا کے پیچھے چھپنے والے ملک کے خیرخواہ نہیں، عدالت سے انہیں ضمانت یا اسٹے آرڈ مل جائے تو یہ ایسے نکلتے ہیں جیسے کشمیر فتح کیا ہو۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں ملک کی معیشت سمیت تمام قومی اداروں کو تباہ کردیا گیا اور اب ڈھول بجایا جارہا ہے کہ ان کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے، جب یہ اقتدار میں نہیں ہوتے یا نیب کا وارنٹ جائے تو ملک سے فرار ہوجاتے ہیں، یہ لوگ ملک واپس اس لیے آتے ہیں کہ یہاں سے پیسہ بنایا جائے، شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق کابینہ میں کوئی بات نہیں ہوئی لیکن اب انہیں بیرون ملک نہیں جانے دیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف لندن میں ہشاش بشاش پھر رہے ہیں اور ہوٹلوں پر جاکر تصاویر بنوائی جارہی ہیں، 50 روپے کے اسٹام پیپر پر بیرون ملک جانے والے کی ضمانت شہباز شریف نے دی تھی، ان لوگوں کا اب یہاں پر کوئی مستقبل نہیں، مسلم لیگ (ن) کئی حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے، اب یہ لوگ عوام کو مزید بیوقوف نہیں بناسکتے، اپوزیشن ارکان سے درخواست ہے کہ ہوش کے ناخن لیں، ہر اس مافیا کو توڑیں گے جس نے ملک کو لوٹا، عمران خان ملک سے گند کا صفایا کریں گے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے حکومت کی اولین ترجیح غریب طبقہ ہے، پاکستان کا 75 فیصد طبقہ  کاروبار سے وابستہ ہے،  کاروبار بند ہونے سے غریب طبقہ اپنے بچوں کو کھانا نہیں دے سکتا، کاروبار شروع کرنے کے لیے لاک ڈاؤن میں نرمی کی، اور ایس او پیز بنائی گئیں لیکن سب نے دیکھا کہ ایس او پیز پرعمل درآمد نہیں کیا گیا، اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاوَن میں سختی ہوگی اور بغیراحتیاطی تدابیر کے اگر ٹرانسپورٹ چلتی ہے تو ان پر جرمانہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، ہمارے تخمینے سے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ضرور ہوا لیکن اموات کم ہوئیں، احتیاطی تدابیر سے ہی کورونا وائر س سے بچا جاسکتا ہے اگر احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں ہوگا تو کورونا وائرس پھیلے گا اور کسی کو بھی کسی وقت بھی لگ سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔