میچ فکسنگ اسکینڈل کیوی کرکٹرز 2008 کی آئی سی ایل میں یکجا تھے

اسی حوالے سے تحقیقات جاری ہیں،ورلڈ کپ 2015 سے قبل معاملہ نمٹانے کا مطالبہ


Sports Desk December 07, 2013
انڈین کرکٹ لیگ کے 2008 ایڈیشنز میں تینوں کیوی پلیئرز نے چندی گڑھ لائنز نامی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی کی جانب سے تین کیوی کرکٹرز لوونسنٹ، کرس کینز اور ڈیرل ٹفی کیخلاف ہونے والی حالیہ تحقیقات کے حوالے سے میڈیا میں انکشاف کیاگیا ہے کہ ان تینوں پلیئرز کی مشتبہ سرگرمی کا تعلق 2008 میں بھارتی ٹی 20 ایونٹ آئی سی ایل میں شرکت سے ہے، جب یہ تینوں پلیئرز اس ایونٹ میں یکجا ہوئے تھے۔

میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حالیہ تحقیقات کا تعلق تین سے چار برس قبل کھیلے گئے ان میچز سے ہے، جس میں ایک سے زائد ممالک کے پلیئرز اس میں ملوث بتائے گئے ہیں، واضح رہے کہ انڈین کرکٹ لیگ ( آئی سی ایل ) کے 2008 ایڈیشنز میں تینوں کیوی پلیئرز نے چندی گڑھ لائنز نامی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، جس کا توڑ کرنے کیلیے بھارتی کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کو میدان میں لایا تھا۔



دوسری جانب الزامات کا شکار کیوی پلیئر لوونسنٹ کا کہنا ہے کہ میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے ہوئے ہوں ، تاہم دوسرے کھلاڑی کرس کینز کا کہنا ہے کہ مجھے اس حوالے سے تاریکی میں رکھاگیا ہے، دریں اثنانیوزی لینڈ کرکٹ کے سابق چیف جسٹن وان نے بھی اسکینڈل پر افسوس کااظہار کیا ہے، علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کرکٹ کے ورلڈ کپ باس نے مطالبہ کیا ہے کہ میچ فکسنگ پر کریمنل جرائم کا معاملہ ورلڈ کپ 2015 سے نبٹا دینا چاہیے، آرگنائزنگ کمیٹی کے چیف اور کیوی وزیر کھیل میوری میک کولی نے کہا کہ میں نے اس معاملے کی طوالت پر حکومتی ایجنسیوں سے مشاورت بھی کی ہے۔