حکومت کا چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  اتوار 7 جون 2020
غریب قوم سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے، وزیراعظم        

غریب قوم سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے، وزیراعظم        

اسلام آباد: حکومت نے چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت شوگر انکوائری رپورٹ سے متعلق اجلاس ختم ہوگیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رپورٹ کی سفارشات کے مطابق ملوث افراد کے خلاف کیسز نیب اور ایف آئی اے کو بھجوائے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے میکنزم تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کی سفارشات پر من و عن عمل کیا جائے گا، رپورٹ میں ذمہ دار قرار دیئے جانے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ملک بھر کی تمام شوگر ملز کا فارنزک آڈٹ کیا جائے، غریب قوم سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے، چینی سمیت تمام اشیائے ضروریہ کے شعبوں کی ریگولیٹ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔