ملک میں جولائی اگست میں کوروناکیسزعروج پرہوں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  پير 8 جون 2020
احتیاط نہ کی اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا تو بڑا مشکل وقت آنے والا ہے، عمران خان

احتیاط نہ کی اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا تو بڑا مشکل وقت آنے والا ہے، عمران خان

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ جولائی یا اگست میں ملک میں کورونا کیسزعروج پرہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عوام احتیاط کرلیں تو پاکستان اس تباہی سے نہیں گزرے گا جو دیگر امیر ممالک پر آئی ہے، ہم نے احتیاط نہ کی تو بڑا مشکل وقت آنے والا ہے اور ملک کو نقصان ہوگا، لاک ڈاؤن سے کورونا ختم نہیں ہوتا بلکہ وبا پھیلنے کی رفتار کم ہوجاتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کوئی ملک زیادہ تر تک برداشت نہیں کرسکتا کیونکہ بے روزگاری بڑھتی ہے، ہماری ساری جدوجہد یہ ہے کہ ملک میں کورونا آہستہ پھیلے اور تیزی سے نہ پھیلے تاکہ اسپتالوں پربوجھ نہ پڑے، ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی کوشش کررہے ہیں، احتیاط کریں گے تومحفوظ رہیں گے، آکسیجن والے مزید ایک ہزار بستر ملک بھر میں تقسیم کریں گے، پاک نگہبان کے نام سے ویب سائٹ اور ایپ لانچ کررہے ہیں جس سے پتہ چل جائے گا کہ کس شہر میں کتنے بستر دستیاب ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جولائی کےآخر یا اگست کے شروع میں کوروناکیسزعروج پرہوں گے، لوگ اس وبا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، وہ ایس او پیز پر عمل نہ کرکے اپنوں کی زندگی خطرے میں اور ملک کو مشکل میں ڈال رہے ہیں، سب لوگوں سے اپیل ہے کہ ماسک ضرور پہنیں کیونکہ اس سے وبا کے پھیلاؤ کا خطرہ 50 فیصد کم ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔