پاکستان اورافغانستان کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ آج شارجہ میں ہوگا

واحد ٹی 20 میچ میں منجھے ہوئے کھلاڑی نوآموز جوانوں پر ہاتھ صاف کرنے کیلیے تیار


Sports Desk December 08, 2013
آل رائونڈر شاہد آفریدی دونوں ممالک میں یکساں طور پر مقبول ہیں، اس لیے اس مقابلے میں دونوں جانب کے شائقین کی وہ توجہ کا مرکز ہوں گے۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور افغانستان کے درمیان واحد ٹوئنٹی 20 میچ اتوار کو شارجہ میں کھیلا جائیگا، گرین شرٹس نے افغان سائیڈ کو تختہ مشق بنانے کا ارادہ کرلیا۔

منجھے ہوئے کھلاڑی نوآموز جوانوں پر ہاتھ صاف کرنے کے لیے تیار ہیں، سری لنکا کیخلاف سیریز سے قبل وارم اپ ہونے کا موقع میسر آگیا، ناصر جمشید کی عدم موجودگی میں احمد شہزاد کے ساتھ صہیب مقصود اوپننگ کرسکتے ہیں، شرجیل کو بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع میسر آسکتا ہے، شاہد آفریدی دونوں ٹیموں کے شائقین کی مشترکہ توجہ کا مرکز ہوں گے، کپتان حفیظ کا کہنا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، پڑوسی ملک کی ٹیم کو بھی آسان شکار نہیں سمجھیں گے۔ دوسری جانب افغانستان نے مقابلے کو ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی تیاریوں کا آغاز قرار دے دیا، کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑی اب بڑی ٹیم کے خلاف اپنی صلاحیتوں کی آزمائش کے لیے تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کیخلاف سیریز کے باقاعدہ آغاز سے قبل پڑوسی ملک افغانستان سے دودو ہاتھ کرنے والی ہے یہ میچ شارجہ میں کھیلا جارہا ہے جہاں پر دونوں ممالک کے شائقین کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے، شارجہ افغان سائیڈ کادوسرا گھر بنا ہوا ہے، پاکستان کے لیے یہ میچ آئی لینڈرز کیخلاف سیریز کے لیے وارم اپ مقابلے سے بڑھ کر نہیں لیکن اس کے باوجود ماضی کی سنگین غلطیوں کو دیکھتے ہوئے قومی ٹیم نوآموز سائیڈ کو بھی آسان سمجھنے کو تیار نہیں ہے۔



کپتان محمد حفیظ نے واضح کردیا ہے کہ وہ مکمل طور پر محتاط رہیں گے، نوجوان کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے وہ کافی خوش ہیں، ان کا کہنا مستقبل میں بھی نوجوانوں کو مواقع دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس بار آئوٹ آف فارم اوپنر ناصر جمشید کو منتخب نہیں کیا گیا ،اس لیے اگرحفیظ نے ون ڈائون پر کھیلنے کا فیصلہ کیا تو پھر احمد شہزاد کے ساتھ بطور اوپنرصہیب مقصود کو بھیجا جاسکتا ہے، شرجیل کو بھی الیون میں جگہ مل سکتی ہے، سعید اجمل افغانستان سے میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے اس لیے ذوالفقار بابر افغان کھلاڑیوں کو اپنے جال میں الجھانے کی کوشش کرینگے۔

آل رائونڈر شاہد آفریدی دونوں ممالک میں یکساں طور پر مقبول ہیں، اس لیے اس مقابلے میں دونوں جانب کے شائقین کی وہ توجہ کا مرکز ہوں گے۔ ادھر افغان ٹیم ایسوسی ایٹ اور ایفیلیٹ ٹیموں کے خلاف تو اچھی پرفارمنس پیش کررہی ہے تاہم اسے بڑی ٹیسٹ ٹیموں کیخلاف مقابلوں کا موقع خال خال ہی نصیب ہوتا ہے اس لیے وہ پاکستان سے میچ کو آئندہ برس بنگلہ دیش میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے لیے کافی اہم قرار دے رہے ہیں، حال ہی میں یو اے ای میں ہی کھیلے گئے کوالیفائنگ ایونٹ میں بہتر کارکردگی کی بنا پر افغانستان نے میگاایونٹ میں نشست بک کرائی تھی، کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو اب پاکستان جیسی بڑی ٹیم کے خلاف آزمانے کے لیے بیقرار ہیں۔ افغان کوچ کبیر خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کی ٹیم اس مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے دنیا کی توجہ حاصل کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔