بارشوں کے حوالے سے ریلیف پلان پر عمل کیا جائےحلیم عادل

2 ہفتوں تک بارشوں کی پیش گوئی ہے احتیاط کی ضرورت ہے ،صحافیوں سے گفتگو.


Staff Reporter September 06, 2012
2 ہفتوں تک بارشوں کی پیش گوئی ہے احتیاط کی ضرورت ہے ،صحافیوں سے گفتگو فوٹو: فائل

صوبائی مشیر ریلیف حلیم عادل شیخ نے تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے.

ریلیف ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تیار کردہ بحالی پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ان کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبے کے مختلف علاقوں میں 2 روز سے جاری بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے سدباب کے حوالے سے صحافیوں کے وفد سے بات چیت میں کیا.

انھوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات اور دیگر موسمیاتی اداروں نے دو ہفتوں تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث ہمیں احتیاط کی ضرورت ہے، رین ایمرجنسی کی صورت میں سندھ کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو محکمہ ریلیف کی طرف سے بھیجے گئے احکامات میں یہ باور کروایا گیا ہے.

تمام افسران اپنے اپنے مقامات پر عوامی خدمت میں کام کریں اور اس کی روزانہ رپورٹ محکمہ ریلیف کو بھیجی جائے،صوبائی وزیر ریلیف نے کہا کہ تھر پارکر اور عمر کوٹ جیسے مقامات پر بارشوں کی اشد ضرورت تھی۔