کورونا کے سائے میں 5اگست سے پہلا مقابلہ متوقع

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 24 جون 2020
3ٹی ٹوئنٹی مقابلے 29 اگست سے 2 ستمبر تک مکمل ہوں گے،نیوز ایجنسی۔ فوٹو: فائل

3ٹی ٹوئنٹی مقابلے 29 اگست سے 2 ستمبر تک مکمل ہوں گے،نیوز ایجنسی۔ فوٹو: فائل

لاہور: کورونا کے سائے میں پاکستان اور انگلینڈ میں پہلا مقابلہ5 اگست کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں متوقع ہے۔

دورہ انگلینڈ کیلیے پاکستان ٹیم کا مجوزہ شیڈول سامنے آگیا، باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے، ایک غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق28 جولائی کو لاہور سے چارٹرڈ طیارے میں سوار ہوکر انگلینڈ روانہ ہونے والا اسکواڈ مانچسٹر آمد کے بعد ڈربی شائر پہنچے گا، اس مقام پر دوسرے روز ہی کورونا ٹیسٹ لیے جائیں گے، قرنطینہ میں رہتے ہوئے ٹریننگ کی اجازت بھی ہوگی۔

پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم بائیو سیکیور ماحول میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے رہیں گے، قرنطینہ کے 14 روز میں ٹریننگ بھی جاری رہے گی، اس کے بعد باقاعدہ پریکٹس کا آغاز ہوگا، مہمان کرکٹرز آپس میں میچز بھی کھیلیں گے۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق پہلاا ٹیسٹ 5سے 9اگست تک مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 13سے 17اگست تک ساؤتھمپٹن کے ایجز باؤل اسٹیڈیم میں ہوگا،تیسرا ٹیسٹ بھی 21سے 25اگست تک اسی وینیو پر شیڈول ہے،تینوں ٹی ٹوئنٹی بھی ساؤتھمپٹن میں کھیلے جائیں گے، پہلا میچ 29، دوسرا 31اگست اور تیسرا 2 ستمبر کو ہوگا۔یوں صرف 2 وینیوز پر ہی دونوں فارمیٹ کے مجموعی طور پر 6 میچز کھیلنے کے بعد قومی کرکٹرز اور معاون اسٹاف کے ارکان وطن واپس آجائیں گے۔

پاکستان آمد پر کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں رکھنے یا گھر جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ اس وقت کی حکومتی پالیسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا، شعیب ملک کو فیملی سے ملاقات کیلیے 24 جولائی کو اسکواڈ میں شامل ہونے کی خصوصی رعایت دی گئی ہے، ان کے سوا دیگر کھلاڑی اور آفیشلز مسلسل9 ہفتے بائیو سیکیور ببل میں رہیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔