انڈس اسپتال کا توسیعی منصوبہ تیار 50 ارب کی لاگت آئیگی

توسیعی منصوبے میں10منزلہ اسپتال کی تعمیر اور15منزلہ انڈس میڈیکل یونیورسٹی قائم ہوگی.


Staff Reporter December 09, 2013
میڈیکل وڈینٹل کالج،اسکول آف نرسنگ،پیرامیڈیکل انسٹیٹیوٹ،اسکول آف پبلک ہیلتھ اور میڈیکل ٹیکنالوجی قائم ہونگے،سنگ بنیاد صدرممنون حسین رکھیں گے۔ فوٹو : فائل

پاکستان میں اپنی نوعیت کا قائم کیاجانے والا انڈس اسپتال کا توسیعی منصوبہ تیار کرلیا گیا۔

توسیعی منصوبے کے تحت اسپتال کی عمارت10منزلہ جبکہ انڈس میڈیکل یونیورسٹی کی عمارت 15منزلہ تعمیرکی جائیگی، توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد صدرمملکت ممنون حسین 15دسمبر کو رکھیں گے،توسیعی منصوبہ 3 مراحل میں مکمل کیا جائیگا، اسپتال میں مجموعی بستروںکی تعداد 1500 کردی جائیگی پہلے مرحلے میں 600 بستراضافی مختص کیے جائینگے جبکہ پہلے مرحلے میں8 ارب روپے مجموعی طورپر خرچ کیے جائینگے، صدر مملکت ممنون حسین 15دسمبرکوا نڈس اسپتال کے پہلے توسیعی مرحلے کا سنگ بنیاد رکھیںگے،یہ بات انڈس اسپتال کے سربراہ پروفیسر عبدالباری خان نے بتائی انھوں نے بتایا کہ انڈس اسپتال میں انڈس میڈیکل یونیورسٹی کے تحت انڈس میڈیکل و ڈینٹل کالج کی تعمیر بھی توسیعی منصوبے میں شامل کی گئی ہے جبکہ انڈس یونیورسٹی کے تحت اسکول آف نرسنگ، پیرا میڈیکل انسٹیٹیوٹ ، اسکول آف پبلک ہیلتھ، اسکول آف میڈیکل ٹیکنالوجی سمیت دیگر تمام صحت کے منصوبے بھی قائم کیے جائینگے۔



انھوں نے بتایا کہ انڈس اسپتال کی جدید تعمیرات کے توسیعی منصوبے سنگاپورکی معروف فرم سے تیار کرائے گئے ہیں جس کے تحت اسپتال کی عمارت 10 اور انڈس یونیورسٹی کی عمارت 15 منزلہ تعمیر کی جائیگی منصوبے کا ماسٹر پلان تیار ہے انھوں نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں8 ارب روپے کی تعمیرات کی جائیںگی اوراسپتال میں مرحلے کے لحاظ سے بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا پہلے مرحلے میں اسپتال میں600 بستروں کا اضافہ کیاجائے گااسی طرح اسپتال میں مرحلہ وار بستروں کی تعداد میں مجموعی طورپر1500 تک اضافہ کیاجائے گا انھوں نے کہاکہ ملک کا پہلا اسپتال ہوگا جہاں شعبہ طب میں جدید ترین سہولتیں میسر ہوںگی اسپتال کے توسیعی منصوبے پر مجموعی طور پر50 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد صدرمملکت ممنون حسین 15دسمبر کو رکھیں گے۔