جونیئر ہاکی ورلڈ کپ پاکستان کل بیلجیم سے بقا کی جنگ لڑے گا

قومی ٹیم کو کوارٹر فائنل کی امید برقرار رکھنے کیلیے بڑے مارجن سے فتح درکار


Sports Desk December 09, 2013
آسٹریلیا نے اسپین کو پچھاڑ کر رائونڈ 8 میں جگہ بنالی، فرانس اور ملائیشیا کامیاب۔ فوٹو: فائل

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان منگل کو بقا کی جنگ لڑیگا، کوارٹر فائنل کی امیدیں برقرار رکھنے کیلیے گرین شرٹس کو بیلجیئم کیخلاف بھاری مارجن سے فتح سے کچھ کم درکارنہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مصر کے خلاف بمشکل 3-2 سے کامیابی حاصل کی، دوسرے میچ میں جرمنی نے 6-1 سے آئوٹ کلاس کرکے کوارٹر فائنل کھیلنے کے امکانات محدود کیے، منگل کے میچ میں فتح کے ساتھ گول کا خسارہ بھی کم سے کم کرنا ہوگا۔ دریں اثنا آسٹریلیا نے مسلسل دوسری فتح کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی،کوکا بوراز نے اتوار کو کھیلے گئے میچ میں اسپین کو 2-0سے شکست دی، دونوں ٹیموں نے پہلے ہاف میں متعدد مواقع ضائع کیے جس کے نتیجے میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، بالآخر ڈینیل بیلی نے 38ویں منٹ میں آسٹریلیا کو برتری دلادی، دوسرا گول 63 ویں منٹ میں ڈائیلان نے کیا، مقابلے کا اختتام اسی اسکور پر ہوا۔



دوسرے میچ میں فرانس نے ارجنٹائن کو 3-2 سے زیر کیا، ابتدامیں ہی کھیل میں تیزی آنے کے بعد ارجنٹائنی ٹیم نے پیرز پساڈو کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم 25ویں منٹ میں پیٹر وین نے جوابی حملہ کارگر بنایا، تھوڑی دیر بعد ہی تھیو فائل نے اسکور فرانس کے حق میں 2-1کردیا، پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں ارجنٹائن نے پنالٹی اسٹروک پر خسارہ ختم کیا، 48ویں منٹ میں جین لارینٹ نے فیصلہ کن گول داغ کر فرانس کی اگلے مرحلے میں رسائی کی راہ ہموار کردی۔ایشین چیمپئن ملائیشیا نے جنوبی افریقہ کو 2-1سے زیر کرکے پیش قدمی جاری رکھی، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔