اسکواش فرحان ایک اور ٹائٹل کے قریب پہنچ گئے

فلوریڈا گرفن اوپن کے فیصلہ کن معرکہ میں آج میکسیکن الفریڈو اویلا کا چیلنج درپیش


Sports Desk December 09, 2013
فلوریڈا گرفن اوپن کے فیصلہ کن معرکہ میں آج میکسیکن الفریڈو اویلا کا چیلنج درپیش۔ فوٹو: فائل

پاکستانی اسکواش اسٹار فرحان زمان ایک اورسنگ میل عبور کرنے کے قریب پہنچ گئے، گرفن اوپن اسکواش ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلیے پیر کو میکسیکن ٹاپ سیڈ الفریڈو اویلا کا چیلنج درپیش ہوگا۔

ورلڈ نمبر 64 پشاور سے تعلق رکھنے والے فرحان نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں فرانسیسی جوہان بوکیوٹ کو سخت مقابلے کے بعد3-1 سے زیر کیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں جاری گرفن اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں فرحان زمان کو فرانسیسی جوہان بوکیوٹ کا چیلنج درپیش تھا۔ پاکستانی اسٹار کو پہلا سیٹ جیتنے کیلیے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، ابتدا میں فرانسیسی حریف کو برتری حاصل تھی مگر آخری لمحات میں فرحان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13-11 سے کامیابی حاصل کی۔



دوسرے سیٹ میں جوہان بوکیوٹ نے شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے 11-7 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔ تیسرے سیٹ میں بھی دونوں کھلاڑیوں کے مابین سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، بلآخر قسمت کی دیوی 14-12 سے فرحان پر مہربان رہی۔ چوتھے سیٹ میں بوکیوٹ نے مکمل طور پر گھٹنے ٹیک دییے اور پاکستانی کھلاڑی نے 11-4 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں قدم رکھ دیا۔ جہاں پر ان کا سامنا مضبوط حریف میکسیکن الفریڈو اویلا سے ہوگا جو فائنل فور میں مصری ہاشم محمد عاشور کو 3-1 سے زیر کرچکے ہیں۔ فرحان گرفن اوپن ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے تو یہ ان کی رواں سال تیسری ٹائٹل فتح ہوگی۔ اس سے قبل وہ ستمبر میںچیف آف ایئر اسٹاف اور اکتوبر میں شکاگو اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں۔