پولیس و رینجرز کی کارروائیاں 83 ملزمان گرفتار کرلیے

گینگ وار کارندے اور چکرا گوٹھ واقعے میں ملوث افراد بھی شامل،اسلحہ برآمد


Staff Reporter December 10, 2013
سندھ پولیس نے24 گھنٹے کے دوران 58 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس و رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے25 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں لیاری گینگ وار کے کارندے، چکرا گوٹھ واقعے میں ملوث اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔

جبکہ سندھ پولیس نے24 گھنٹے کے دوران 58 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم وقاص حسن کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، ملزم قتل ، اقدام قتل اور دیگر وارداتوں میں ملوث تھا، ویسٹ زون پولیس نے مشرف کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلیے، پولیس کے مطابق ملزمان 50 سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے، سی آئی ڈی کے انسداد فرقہ ورانہ سیل کے انچارج فیاض خان کی پارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے گارڈن کے علاقے سے ملزم فہد عرف کے ٹو کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے، اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے لانڈھی میں چھاپہ مار کر شہزاد اور عبدالغفار شاہ سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف، ایٹ ایم ایم رائفل اور متعدد رائونڈز برآمد کرلیے، حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالغفار شاہ اندرون سندھ میں قتل کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔



لانڈھی میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے2 لائٹ مشین گن، ایک اسنائپر گن، ایک ٹرپل ٹو رائفل اور متعدد رائونڈز برآمد کرلیے، نیو کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے3 ملزمان دانش، حسیب اور ارسلان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، حساس اداروں نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے غفار ذکری گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزم عبید کو گرفتار کرلیا، ذرائع نے بتایا کہ ملزم قتل اور اقدام قتل سمیت 70 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے، سہراب گوٹھ پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم آصف کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ۔

ایس ایچ او سہراب گوٹھ محمد شعیب بتایا کہ ملزم چکرا گوٹھ واقعے میں ملوث تھا، رینجرز نے کورنگی سیکٹر 33-E میں کارروائی کے دوران سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ملزم سلمان کو حراست میں لے کر تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، دریں اثنا رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ رینجرز نے دائود چالی، مجید کالونی، اسٹاف کالونی، گلشن اقبال انگارہ گوٹھ، ملیر کھوکھراپار، نارتھ ناظم آباد آئی بلاک، ناظم آباد، لیاقت آباد اور گلشن اقبال بلاک 12 میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں جبکہ مختلف علاقوں میں اسنیپ چیکنگ بھی کی، مجموعی طور پر8 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، علاوہ ازیں سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران پولیس نے66 چھاپوں اور 4 پولیس مقابلوں میں58 ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 24 ہتھیار برآمد کرلیے، ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں20 اسلحہ آرڈیننس کے تحت اور16 منشیات ایکٹ کے تحت گرفتار کیے گئے جبکہ ملزمان میں مفرور و اشتہاری بھی شامل ہیں۔