زیرتعمیر عمارت میں لاکھوں روپے کی بجلی چوری پکڑی گئی

کورنگی کراسنگ پرواقع زیرتعمیررہائشی وتجارتی عمارت کے مالکان روپوش ہوگئے


Staff Reporter December 10, 2013
عمارت کا جنرل منیجر زیر حراست،انتظامیہ کو 33 لاکھ روپے کا ابتدائی بل جاری فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ایف آئی اے اورکے ای ایس سی نے مشترکہ کارروائی کے دوران 10منزلہ رہائشی اور کمرشل عمارت میں انڈر گرائونڈ کیبل کی مدد سے لاکھوں روپے ماہانہ کی بجلی چوری پکڑلی،عمارت کے اصل مالکان روپوش ہوگئے۔

ایف آئی اے نے جنرل منیجر زبیرسلطان کو حراست میں لے کر قانونی چارہ جوئی شروع کردی، تفصیلات کے مطابق پیرکی دوپہر ایف آئی اے اور کے ای ایس سی کی مشترکہ ٹیم نے کورنگی کراسنگ پر واقع زیر تعمیر رہائشی و تجارتی عمارت امان آرکیڈ پر چھاپہ مارا تو انکشاف ہوا کہ عمارت کی انتظامیہ نے گزشتہ ایک سال سے بجلی کے استعمال کیلیے دہرا کنڈا کنکشن حاصل کیا ہے،کے ای ایس سی کے ماہرین نے جب عمارت کو پہنچنے والے بجلی کی تاروں کی تلاش کی تو معلوم ہوا کہ پول سے لیے جانے والے غیرقانونی کنکشن کے علاوہ 70 کلوواٹ کا زیر زمین کیبل بھی عمارت کو بجلی پہنچانے کیلیے ڈالا گیا ہے، ایف آئی اے حکام کے مطابق عمارت کی 7منزلوں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جبکہ عمارت کے پہلی دو منزلوں اور بیسمنٹ میں قائم شاپنگ پلازہ کی ایک سو 60 دکانوں کی تعمیر بھی مکمل کی جاچکی ہے۔



کے ای ایس سی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ زیر زمین کیبل سے حاصل کیے جانے والے کنکشن سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ عمارت کی انتظامیہ کی جانب سے مستقبل میں بجلی چوری کی منصوبہ بندی کی گئی تھی جس کا حجم عمارت کی تعمیر کے دوران استعمال ہونے والی بجلی سے کئی گنا زیادہ ہوگا، ماہرین کے مطابق عمارت میں ماہانہ کئی لاکھ روپے کی بجلی چوری کی جارہی تھی، کے ای ایس سی حکام نے بجلی چوری کی تصدیق ہونے کے بعد عمارت کی انتظامیہ کو 33 لاکھ روپے کا ابتدائی بل جاری کردیاجو ماضی میں استعمال کی جانے والی بجلی کی مد میں ہے، ذرائع نے بتایا کہ عمارت کے اصل مالکان نے چھاپے کے بعد کی جانے والی قانونی کارروائی سے بچنے کیلیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرنا شروع کردیا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے کے ای ایس سی کو قانونی کارروائی نہ کرنے کی صورت میں کے ای ایس سی کو جرمانے کے بل کی یکمشت ادائیگی کی پیشکش کی ہے، ذرائع کے مطابق زیر تعمیر عمارت کے اصل مالکان روپوش ہوگئے ہیں تاہم ایف آئی اے نے عمارت کے جنرل منیجر زبیر سلطان کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔