عالمی کراچی کتب میلہ5روز جاری رہنے کے بعد ختم

میلے میں5لاکھ افراد نے شرکت کی، ’’پری اسکول‘‘ اور پرائمری اسکول‘‘ کے مختلف نصاب کی فروخت کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے


Staff Reporter December 10, 2013
کئی پبلشرز کی جانب سے نئی کتب کی تقریبِ رونمائی کی گئی، بہترین انتظامات پر منتظمین کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا. فوٹو:فائل

نواں عالمی کراچی کتب میلہ 5 روز جاری رہنے کے بعد ختم ہوگیا ،ملک کے سب سے بڑے کتب میلے نے اس سال کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔

پاکستان پبلشرزاینڈ بک سیلرزایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد کے مطابق اس سال کتب میلے میں5 لاکھ افراد نے شرکت کی ہے جن کا تعلق مختلف شعبہ ہائے زندگی سے ہے،کتب میلے کے منتظمین کے مطابق اس بار بھی کتب میلے میں عوام کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی اور پانچوں دن کتابوں کے شائقین کا ہجوم رہا، عالمی کتب میلے میں پبلشرزکی جانب سے ''پری اسکول'' اور پرائمری اسکول'' کے مختلف نصاب کی فروخت کے گزشتہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے اور پبلشرز کے ان نصابوں میں نجی اسکولوں کے علاوہ والدین نے گہری دلچسپی ظاہرکی ، انگریزی اردوحروف تہجی، بنیادی ریاضی اوررنگوں ، جانوروں اورپرندوں کی پہچان کے حوالے سے نثر اور نظموں کی تیارکی گئی کتابوں کی بڑے پیمانے پرفروخت دیکھنے میں آئی ، کراچی کتب میلے کے پانچویں دن مختلف پبلشرز نے پروگرام منعقدکیے۔



جن میں وفاقی اردو یونیورسٹی کی جانب سے محفلِ مشاعرہ، آفاق ایسوسی ایشن فار اکیڈمک کوالٹی نے ''ای سے ای'' کے حوالے سے سرگرمی منعقد کی، ایجوکیشنل اسسمنٹ سسٹم اینڈ ٹریننگ کی جانب سے اسٹوری ٹیلنگ کی ورک شاپ، ٹرو کلز آف اسلام نے سیمینار اور کوئز مقابلے منعقد کیے، اٹلانٹس پبلیکیشن کی جانب سے ''ابنِ صفی''کی شخصیت پر مذاکرہ منعقدکیا گیا کتب میلے کے آخری روز بھی درجنوں اسکولوں نے میلے کا دورہ کیااورکتابیں خریدیں، 5 روزہ میلے میں کئی پبلشرز نے اپنی نئی کتب کی تقریبِ رونمائی بھی کی، تمام پبلشرز نے عالمی کتب میلے کے انعقاد کو سراہا اور پاکستان پبلشرز اینڈ بُک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات پر ان کو خراجِ تحسین پیش کیا، نویں بین الاقوامی کراچی کتب میلے کے کنوینیر اویس مرزا جمیل نے پانچوں دن آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جن میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے عامر خان،امین الحق،انجینئر ناصر،رشید گوڈل ،ایم پی اے سید خالداحمد، فیصل سبزواری ،سحر انصاری ، فاطمہ ثریا بجیا،انوار احمد زئی،عمران چشتی،سابق چیئرمین میٹرک بورڈانظار زیدی اور سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان شامل تھے۔