سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے سالانہ انکریمنٹ ختم ہونے کا امکان

ویب ڈیسک / ارشاد انصاری  پير 13 جولائی 2020
نئے پے رولز کے مطابق بیسک پے اسکیل پر تعینات ملازم ریٹائرمنٹ تک اسی بنیادی تنخواہ پر رہے گا (فوٹو : فائل)

نئے پے رولز کے مطابق بیسک پے اسکیل پر تعینات ملازم ریٹائرمنٹ تک اسی بنیادی تنخواہ پر رہے گا (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: آئی ایم ایف کی تجویز کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے سالانہ انکریمنٹ ختم ہونے کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا 6 ارب ڈالر کا رکا ہوا پروگرام بحال کروانے کے لیے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط  ماننے پر آمادگی ظاہر کردی جس کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر سے سالانہ انکریمنٹ ختم ہونے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اصلاحات کمیشن نے سفارشات حکومت کو بھجوا دی ہیں، دسمبر میں تنخواہوں میں سالانہ انکریمنٹ نہیں ملے گا اور آئی ایم ایف کی شرط پر دسمبر میں بنیادی تنخواہ نہ بڑھانے پر کام شروع  کردیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کی تجویز ہے کہ بنیادی تنخواہ پر انکریمنٹ کی بجائے تنخواہیں منجمد کردی جائیں اور تنخواہوں میں اضافہ کے بجائے الاؤنسز میں معمولی اضافہ کیا جائے، جب کہ سالانہ انکریمنٹ میڈیکل، ہاؤس رینٹ اور دیگر الاونسز پر دیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے پے رولز کے مطابق بنیادی پے اسکیل پر تعینات ملازم ریٹائرمنٹ تک اسی بنیادی تنخواہ پر رہے گا، اس اقدام سے حکومت ریٹائرمنٹ کے وقت کم پنشن ادا کرے گی اس اقدام سے الاونسز انتہائی کم مقدار میں بڑھیں گے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی پنشن کا بوجھ کم ہوجائے گا اور ریٹائرمنٹ کے وقت حکومت کم بنیادی تنخواہ پر ہی پینشن کیلکولیٹ کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری وزارت خزانہ اس تجویز کے حامی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔