پاکستان کی جانب سے بائیکاٹ بنگلہ دیش خوف کا شکار

اپنی ’حرکتوں‘ کے ردعمل کا سوچ کر پسینے چھوٹنے لگے، سری لنکا سے سیریزپر بھی خدشہ


Sports Desk December 11, 2013
جنوری میں سری لنکن ٹیم کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہوگا جسے کافی اہمیت دی جارہی ہے. فوٹو : فائل

بنگلہ دیش کو پاکستان کی جانب سے بائیکاٹ کا خوف ستانے لگا، اپنی 'حرکتوں' کے ردعمل کا سوچ کر ہر بورڈ کے پسینے چھوٹنے لگے، بی سی بی کوخطرہ ہے کہ جنوری میں سری لنکا نے ٹور منسوخ کیا تو گرین شرٹس ایشیا کپ میں شرکت سے انکار کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر آخری لمحات میں 2 مرتبہ پاکستان کے ٹور سے انکار کیا،اب وہ خود ایسی ہی صورتحال سے دوچار ہے جس کی وجہ سے اسے یہ خوف ستائے جا رہا ہے کہ پاکستان بدلہ لیتے ہوئے یہاں پر شیڈول ایونٹس میں شرکت سے انکار نہ کردے،اس سے ایونٹس میں دیگر ٹیموں کی شرکت مشکوک ہونے کے ساتھ میزبانی بھی ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔ جنوری میں سری لنکن ٹیم کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہوگا جسے کافی اہمیت دی جارہی ہے،اگر ملکی صورتحال بہتر نہیں ہوئی اور یہ ٹور منسوخ ہوا تو پھر بی سی بی پر دبائو مزید بڑھ جائے گا۔

بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا سے سیریز نہ ہونا بنگلہ دیشی امیدوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی، بی سی بی کے پہلے ہی پاکستان سے تعلقات سردمہری کا شکار ہیں، اس لیے سری لنکا کا ٹور منسوخ ہوتے ہی پی سی بی بھی ایشیا کپ سے دستبردار ہونے کا اعلان کرسکتا ہے، ذرائع نے مزید کہا کہ 2009 میں سری لنکا ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہورہی، مگر اس کی ٹیم بدستور عالمی سرکٹ میں کافی مضبوط اور ان کی شرکت کے بغیر بڑے ایونٹس کی اہمیت نہیں ہوگی، بنگلہ دیش کو ایسی حیثیت حاصل نہیں، اس لیے اسے مشکل پیش آسکتی ہے۔