عثمان کو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ بولنگ کا انعام مل گیا

سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزکی ٹیم میں شامل،آج میچ میں شرکت کا امکان


Sports Desk December 11, 2013
ترقیاتی بینک کی طرف سے سوئی ناردرن گیس کی مضبوط ٹیم کے خلاف صرف 9 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: فائل

نوجوان لیفٹ آرم پیسر عثمان خان شنواری کو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا انعام مل گیا، سلیکٹرز نے انھیں سری لنکاکیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزکیلیے قومی اسکواڈ کا حصہ بنالیا۔

انھیں منگل اور بدھ کی درمیانی شب دبئی روانہ ہونا تھا، وہ بدھ کو پہلے میچ کیلیے دستیاب ہوں گے،19سالہ عثمان نے گذشتہ ہفتے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھائی،انھوں نے زرعی ترقیاتی بینک کی طرف سے سوئی ناردرن گیس کی مضبوط ٹیم کے خلاف صرف 9 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں، ان کے ہاتھوں واپسی کا پروانہ پانے والوں میں مصباح الحق اور توفیق عمر جیسے تجربہ کار بیٹسمین بھی شامل تھے، ایونٹ میں عثمان نے سب سے زیادہ 11 وکٹیں حاصل کیں۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ اگر مجھے کھیلنے کا موقع ملا تو عمدہ کارکردگی سے ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کی کوشش کروں گا۔ رکن سلیکشن کمیٹی سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم جعفر نے عثمان کے انتخاب پر کہا کہ ابتدا میں سیریز کے لیے صرف 14رکنی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان اس لیے کیا تاکہ اگر کوئی کھلاڑی ڈومیسٹک ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے تو اسے شامل کر لیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ عثمان شنواری نے ٹی ٹوئنٹی کپ خصوصا فائنل میں شاندارکارکردگی دکھائی، وہ گیند کو سوئنگ کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں، چونکہ سری لنکن ٹیم میں زیادہ تر لیفٹ ہینڈرز ہیں لہٰذا وہ ان کے خلاف موثر بولر ثابت ہو سکتے ہیں۔ سلیم جعفر نے مزید کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو بتدریج موقع دینے کا مقصد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاری بھی ہے جس کے لیے ایک متوازن ٹیم تشکیل دینا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ عثمان شنواری کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے، انھوں نے رواں سال کے آر ایل کی طرف سے کیریئر کا آغاز رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ میں کیا، نیشنل بینک کے خلاف پہلے میچ میں انھیں2 وکٹیں ملیں تاہم اس کے بعد وہ زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم میں شامل ہوگئے،واپڈا کے خلاف پہلے ہی میچ میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے عثمان شنواری نے روشن مستقبل کی نوید سنا دی، رواں سیزن وہ 4 فرسٹ کلاس میچز میں 12 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں،27 رنز کے عوض چار وکٹ ان کی بہترین کارکردگی رہی۔