آئسکریم باکس میں ہیروئن سپلائی کرنے والا بین الصوبائی منشیات ڈیلرگرفتار

 جمعرات 23 جولائی 2020
ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی ہیروئن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت کروڑوں روپے ہے، ایس ایس پی ویسٹ: فوٹو:ایکسپریس

ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی ہیروئن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت کروڑوں روپے ہے، ایس ایس پی ویسٹ: فوٹو:ایکسپریس

پولیس نے آئسکریم کی آڑ میں منشیات سپلائی کرنے والا بین الصوبائی منشیات ڈیلرگرفتار کرکے 3 کلو ہیروئن برآمد کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سائٹ بی پولیس نے خفیہ اطلاع پر ہارون آباد اسٹاپ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم حاجی خان ولد سیدعلی کوگرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے 3 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔

ایس ایس پی ویسٹ فداحسین جانوری کے مطابق گرفتارملزم موٹرسائیکل پر رکھے آئسکریم کے باکس میں آئسکریم (قلفی) کے اندر ہیروئن رکھ کر حب چوکی بلوچستان سے لا کر کراچی ناظم آباد و دیگر علاقوں میں سپلائی کرتا تھا، گرفتارملزم نے اس قبل بھی آئسکریم کی آڑ میں ہیروئن سپلائی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی ہیروئن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت کروڑوں روپے ہے، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 188/2020 بجرم دفعہ 6/9-C درج کر کے تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔