پاکستانی پلیئرز کو بھی احترام سے رخصت کرنا چاہیے مصباح الحق

بھارت میں سچن ٹنڈولکر کو الوداع کہنے کا نظارہ کافی شاندار تھا، پاکستانی قائد


Sports Desk December 12, 2013
ورلڈ کپ 2015 تک کپتانی ملنے سے مجھے بہتر پلاننگ کا موقع میسر آگیا، فوٹو: اے ایف پی/فائل

کپتان مصباح الحق نے پاکستانی پلیئرز کو بھی ٹنڈولکر جتنے احترام سے رخصت کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں بھی ایسی روایت قائم ہونی چاہیے، ورلڈ کپ 2015 تک کپتانی ملنے سے مجھے بہتر پلاننگ کا موقع میسر آگیا، ون ڈے مڈل آرڈر میں اکھاڑ پچھاڑ مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ مصباح الحق فی الحال کھیل سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے،پی سی بی عبوری کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ورلڈ کپ 2015 تک کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کرکے ان کی آدھی پریشانی ختم کردی ہے،وہ چاہتے ہیں کہ جب ریٹائر ہوں تو ٹنڈولکر کی طرح عزت و احترام سے رخصت کیا جائے، مصباح نے کہا کہ جس طرح بھارت میں ٹنڈولکر کو الوداع کیا گیا وہ نظارہ کافی شاندار تھا، پاکستان میں ایسی روایت نہیں ہے، میں نے پی سی بی کو تجویز پیش کی کہ جب کوئی کھلاڑی ریٹائرمنٹ کے نزدیک پہنچے اس سے بہتر انداز میں رابطہ رکھا جائے اور مناسب طور پر رخصت کرنا چاہیے۔



اپنے بارے میں مصباح الحق نے کہا کہ مجھے ورلڈ کپ 2015 تک قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی اس سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا، میگا ایونٹ کے لیے اب میں زیادہ بہتر انداز میں طویل المدتی پلاننگ کرپائوں گا، جہاں تک میری عمر کا تعلق ہے میں اپنی فٹنس اور فارم کا جائزہ ہر سیریز میں لیتا رہتا ہوں، جب بھی سمجھا کہ میری عمر کھیل پر اثر انداز ہورہی ہے تو پھر خود ہی الگ ہوجائوں گا فی الحال میں پوری طرح فٹ ہوں۔ مصباح الحق نے تسلیم کیا کہ ون ڈے ٹیم کے مڈل آرڈر میں اکھاڑ پچھاڑ پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے، انھوں نے کہا کہ ہم نے کئی پلیئرز کو آزمایا مگر مسئلہ یہ ہے کہ بعض ایک میچ میں اچھا پرفارم کرتے ہیںتو پھر بہتر نہیںکھیل پاتے، اس لیے ہم مختلف لڑکوں کو آزمارہے ہیں تاہم ہماری ٹیسٹ ٹیم زیادہ مستحکم ہے۔