وزیراعظم نے پاک فوج کو کراچی کی صفائی میں مدد کرنے کی ہدایت کردی

کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عمران خان، این ڈی ایم اے کو فوری طور پر کراچی کی صفائی کی ہدایت


ویب ڈیسک July 29, 2020
وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے گی، عمران خان. فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان نے این ڈی ایم اے کو کراچی کی صفائی کرنے اور پاک فوج کو ٓصفائی میں مدد کرنے کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے این ڈی ایم اے کو کراچی میں برساتی نالوں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو اس مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑے گی، کراچی کے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

اس حوالے سے وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ چیئرمین این ڈی ایم اے کو فوری طور پر کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی ہے کہ وہ کراچی میں صفائی کا عمل فوری شروع کرے جبکہ پاک فوج سے کہا ہے کہ وہ کراچی کی صفائی میں مدد کرے۔



 

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے وزیر اعظم کو کراچی میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔

مقبول خبریں