پنجاب میں جرائم بڑھ گئے، 6 ماہ کے دوران 2 لاکھ 77 ہزار مقدمات درج

عمران اصغر  ہفتہ 15 اگست 2020
گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال پہلے 6 ماہ میں قتل، اقدام قتل، گاڑی و موٹرسائیکل چوری کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، پنجاب پولیس۔ (فوٹو، فائل)

گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال پہلے 6 ماہ میں قتل، اقدام قتل، گاڑی و موٹرسائیکل چوری کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، پنجاب پولیس۔ (فوٹو، فائل)

 راولپنڈی:  پنجاب پولیس نے سال 2020 جنوری سے جون تک جرائم کے اعدادوشمار جاری کردئیے، پہلے 6 ماہ کے دوران پورے پنجاب میں 2 لاکھ 77 ہزار 5 سو 28 مقدمات درج ہوئے، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، کار چوری، نقب زنی، زناء کے مقدمات میں اضافہ ہوا۔  

پولیس سے حاصل کردہ اعدادوشمار کے مطابق پنجاب کے 36 اضلاع کی پولیس نے جنوری 2020 سے جون 2020 تک  2لاکھ 77 ہزار 538 مقدمات درج کیے۔ سال کے پہلے 6 ماہ میں قتل کے 2 ہزار 12 مقدمات رجسٹرڈ کیے گے جبکہ اقدام قتل کے 2 ہزار 9 سو 67 مقدمات رپورٹ ہوئے۔ لڑائی جھگڑوں اور دیگر واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کی درخواستوں پر 7 ہزار 2 سو 71 مقدمات درج کیے گے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اغوا کے 6 ہزار 4 سو 67 مقدمات درج کیے گے جس میں 2 ہزار 1 سو 73 زیر تفتیش ہیں جبکہ تفتیش کے دوران جھوٹے ثابت ہونے اور کمپرومائز ہونے کی صورت میں 3 ہزار 46 مقدمات خارج کردیے گے۔سال کے پہلے 6 ماہ میں اغواء برائے تاوان کے 17 مقدمات درج کیے گئے جن میں 3 مقدمات منسوخ جبکہ 11 مقدمات کے ملزمان چالان ہوچکے ہیں۔

رواں سال کے ابتدائی 6 ماہ میں زناء کے 16 سو 59 مقدمات رپورٹ ہوئے جن میں 272 مقدمات کو تفتیش کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جبکہ 1105 زناء کے مقدمات میں ملزمان کو ثبوتوں کے ساتھ چالان کردیا گیا ہے۔ اس عرصے میں اجتماعی زیادتی  کے 92 مقدمات رپورٹ ہوئے جس میں 22 مقدمات کو تفتیش کے بعد ختم کیا گیا جبکہ 60 مقدمات میں ملوث ملزمان کو عدالتوں میں چالان کیا جاچکا ہے۔

پولیس اعداد و شمار کے مطابق پورے پنجاب میں پہلے 6 ماہ کے دوران 358 ڈکیتی کے مقدمات درج کیے گے، جن میں 117 زیر تفتیش ہیں جبکہ چوری کے 9 ہزار 3 سو 51 مقدمات درج کیے گے جن میں 578 مقدمات کو منسوخ کردیا گیا ہے، 3 ہزار 3 سو 70 مقدمات پر تفتیش کی جارہی ہے، گھروں، دکانوں، دفاتروں میں نقب زنی کے 6 ہزار 3 سو 59 مقدمات رپورٹ ہوئے، اور اسی طرح چوری کے 6 سو 46 مقدمات درج کیے گے۔

موٹرسائیکل اور گاڑی چوری یا چھیننے کے 14 ہزار 7 سو 37 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 6 ہزار 6 سو 30 مقدمات زیر تفتیش ہیں، ان مقدمات میں کار و موٹرسائیکل چوروں نے شہریوں کی کروڑوں روپے کی قیمتی گاڑیاں اور موٹرسائیکل چوری کیے، سال 2020 کے پہلے 6 ماہ میں مویشی چوری کے 3 ہزار 6 سو 30 مقدمات درج ہوئے جن میں 1 ہزار 89 مقدمات پر تفتیش کی جارہی ہے۔

کورونا وباء ایس او پیز کی خلاف ورزی سمیت دیگر اسپیشل لاز کی خلاف ورزی پر 94 ہزار 34مقدمات درج کیے گے جس میں 1 ہزار 71 مقدمات کو منسوخ کردیا گیا جبکہ 3 ہزار 2 سو 9 مقدمات پر تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال پہلے 6 ماہ میں قتل، اقدام قتل، گاڑی و موٹرسائیکل چوری کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔