توشہ خانہ ریفرنس؛ نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی موخر

ویب ڈیسک  پير 17 اگست 2020
نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے یا ٹرائل میں شامل کرکے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ 25 اگست کو ہوگا

نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے یا ٹرائل میں شامل کرکے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ 25 اگست کو ہوگا

 اسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی موخر کردی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی تو سابق وزیر اعظم نواز شریف توشہ خانہ ریفرنس میں عدالتی کارروائی کا حصہ بن گئے اور احتساب عدالت میں آج کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کردی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پہنچے اور درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں احتساب عدالت کی کارروائی کو چیلنج کیا ہے جس کے فیصلے کا انتظار کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ریفرنس؛ آصف زرداری احتساب عدالت میں پیش

عدالت نے نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی 25 اگست تک روکے ہوئے نواز شریف کی حد تک آج کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے یا ٹرائل میں شامل کرکے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ 25 اگست کو ہوگا۔

دوسری طرف سابق صدرآصف زرداری احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔ عدالت نے آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان پر 9 ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں دوبارہ طلب کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔