شارک کے منہ سے بیوی کو بچانے والے شوہر کی دھوم

آسٹریلیا میں شوہر نے 3 میٹر لمبی شارک کے منہ پر لگاتار گھونسے مار کر اپنی بیوی کو آزاد کرالیا


ویب ڈیسک August 17, 2020
شوہر نے شارک کے منہ اور آنکھوں پر لگاتار مکے مار کر بیوی کو بچالیا، فوٹو : فائل

آسٹریلیا میں شارک کے منہ سے اپنی بیوی کو بچانے والے شوہر کی پوری دنیا میں دھوم مچ گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا میں پورٹ میکوائر کے شیلے بیچ پر میاں بیوی تفریح کر رہے تھے کہ اچانک شارک نے 35 سالہ خاتون کانٹیلی ٹوئل کی ٹانگ پکڑ لی اور پانی میں لے جانے لگی تاہم شوہر نے حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہر کرتے ہوئے سرف بوٹ سے شارک کے اوپر چھلانگ لگادی۔

شوہر مارک ریپلے 3 میٹر لمبی گریٹ وائٹ شارک پر لیٹ گئے اور اس کے چہرے اور آنکھوں پر بار بار زور دار مکے اس وقت تک مارتے رہے جب تک شارک نے ان کی اہلیہ کو چھوڑ نہیں دیا۔ شارک سے آزاد کرانے کے بعد وہ اپنی بیوی کو ساحل تک لائے۔

کانٹیلی ڈوئل کو اسپتال لے جایا گیا جہاں خاتون کے پیر کی سرجری کی جائے گی، خاتون کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ اس سے قبل بھی آسٹریلیا کے ساحل پر ایک شارک نے کشتی پر سے ایک بچے کو کھینچ لیا تھا تاہم والد نے پانی میں چھلانگ لگا کر اپنے بیٹے کی جان بچالی تھی۔