افغانستان یوم آزادی صدارتی محل پر راکٹ حملوں میں ہلاکتیں 3 ہوگئیں

یوم آزادی کی مناسبت سے ایک تقریب میں صدر اشرف غنی نے خطاب کرنا تھا


ویب ڈیسک August 19, 2020
راکٹ حملوں سے 17 افراد کے زخمی اور 5 گاڑیوں کے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں، فوٹو : رائٹرز

KARACHI: افغانستان کے صدارتی محل کے نزدیک یوم آزادی پر 14 راکٹ برسائے گئے ہیں جس میں سے ایک راکٹ محل میں گرنے سے ہلاکتیں 3 ہوگئیں۔

افغان میڈیا کے مطابق ملک بھر میں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریبات جاری تھیں اور کابل میں صدر اشرف غنی کو سرکاری تقریب سے خطاب کرنا تھا کہ صدارتی محل پر دو کار سواروں نے 14 راکٹ داغے جس میں ایک راکٹ محل کے اندر گرا جس سے 2 سیکیورٹی اہلکار اور ایک بچہ ہلاک ہوگیا۔

راکٹ حملے اتنے شدید تھے کہ پورا علاقہ لرز اُٹھا اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ افراتفری اور بھگدڑ مچ گئی۔ دارالحکومت کے مختلف مقامات سے 24 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے جن میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جا رہی تھی۔

طلبان سمیت کسی بھی شدت پسند جماعت نے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ راکٹ علاقے میں گھومنے والی دو مشکوک گاڑیوں سے کیے گئے جن کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔