پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ عمر گل نے فارم میں واپسی کا نقارہ بجا دیا

5 وکٹوں کیلیے12رنز دیے،احسان عادل نے بھی اتنے ہی پلیئرزکومیدان بدر کیا


Sports Desk December 14, 2013
زرعی ترقیاتی بینک کے یاسر حمید سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: انجری مسائل سے چھٹکارہ پانے والے عمرگل نے فارم میں واپسی کا نقارہ بھی بجا دیا، تجربہ کار فاسٹ بولر نے پریذیڈنٹ ٹرافی میں حبیب بینک کی نمائندگی کرتے ہوئے پورٹ قاسم کو65 رنز پر ٹھکانے لگا دیا۔

انھوں نے5 وکٹوں کیلیے محض12رنز دیے، احسان عادل نے بھی اتنے ہی پلیئرز کو میدان بدر کیا، ایک موقع پر 6 وکٹیں صرف9 رنز پر گر گئی تھیں۔ زرعی ترقیاتی بینک کے یاسر حمید سنچری بنانے میں کامیاب رہے،کے آر ایل کے صدف حسین نے 8 وکٹیں لے کر نیشنل بینک کی پہلی اننگز158 پر تمام کردی، کامران اکمل نے ففٹی بنائی۔ دوسری جانب قائد اعظم ٹرافی کے چھٹے رائونڈ میں سیالکوٹ کے حسن علی نے بہاولپور کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑادیے، انھوں نے 15رنز کے عوض6 وکٹیں لیکر حریف ٹیم کا بوریا بستر 39رنز پر گول کردیا،کوئٹہ سے میچ میں اسلام آباد کے فیضان ریاض نے 213 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، حیدرآباد سے مقابلے میں فیصل آباد کے عمار محمود نے تھری فیگر اننگز سجائی۔

تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون چھٹے رائونڈ کے ابتدائی دن عمر گل چھا گئے، انجری مسائل سے چھٹکارہ پانے والے پیسر نے فارم میں بھرپور واپسی کا اعلان کرتے ہوئے 12رنز کے عوض 5وکٹیں حاصل کر لیں، انھوں نے ساتھی فاسٹ بولر احسان عادل کے ساتھ مل کر حریف ٹیم کے قدم اکھاڑ دیے، احسان نے بھی 5 پلیئرز کو آئوٹ کیا، دونوں کی تباہ بولنگ کے سامنے پورٹ قاسم کی ٹیم65 پر ڈھیر ہوگئی، ابتدائی 6وکٹیں تو صرف9 رنز پر گر گئی تھیں، نویں نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے سہیل خان 24رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ایچ بی ایل نے جوابی اننگز میں 4وکٹ پر 132رنز بناکر 67رنز کی سبقت حاصل کرلی، شان مسعود 51 پر ناٹ آئوٹ ہیں،آفتاب عالم50رنز بناکر میدان بدر ہوئے۔ پی ٹی وی کیخلاف واپڈا نے 3 وکٹ پر 274رنز جوڑ لیے، عدنان رئیس سنچری سے 6رنز کی دوری پر ناٹ آئوٹ ہیں، رفعت اللہ81رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، عامر سجاد 52 پر ناٹ آئوٹ ہیں، محمد علی نے 3وکٹیں لیں۔



اسٹیٹ بینک سے میچ میں سوئی ناردرن گیس نے 252رنز بنانے میں 5وکٹیں گنوائیں، اظہر علی96 پر ناٹ آئوٹ ہیں، تابش خان نے 3 اور رضوان حیدر نے2 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے۔یو بی ایل نے زرعی ترقیاتی بینک کو 235 رنز تک محدود کردیا، یاسر حمید 108کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، وجیہہ الدین نے 9رنز کے عوض3 وکٹیںلیں، یونائیٹڈ بینک نے جوابی اننگز میں 2 وکٹ پر 74رنز بنالیے، سعید بن ناصر34 اور بسم اللہ خان22پر ناٹ آئوٹ ہیں، عمران خان نے 2 وکٹیں لیں۔کے آر ایل کیخلاف نیشنل بینک کی پہلی اننگز158 پر تمام ہوگئی، کامران اکمل نے71 کی اننگز کھیلی، صدف حسین نے50رنز کے عوض8 وکٹیں اپنے نام کیں،کے آر ایل نے ایک وکٹ پر 87رنز بنالیے، سعید انور جونیئر38 پر ناٹ آئوٹ ہیں۔دوسری جانب قائد اعظم ٹرافی کے چھٹے رائونڈ کا بھی آغاز ہو گیا، راولپنڈی سے میچ میں کراچی بلوز نے 8 وکٹ پر254رنز اسکور بورڈپر سجا دیے، عبدالجبار85، نوید خان48 اور فراز احمد37 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہے،ناصر ملک اور طیب عباس نے 3،3 وکٹیں لیں۔

سیالکوٹ کے حسن علی نے بہاولپور کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑادیے، انھوں نے 15رنز کے عوض6 وکٹیں لے کر حریف ٹیم کا بوریا بستر 39رنز پر گول کردیا، فیصل مبشر نے8 رنز بنائے،ایکسٹراز کا حصہ بھی اتنے ہی رنز کا رہا، وقاص احمد نے3 کھلاڑیوں کو قابو کیا،جواب میں سیالکوٹ کی ٹیم153رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، منصورامجد نے 64 کی اننگز کھیلی، وسیم مصطفی نے 4 اور زاہد صدیقی نے3 پلیئرز کو پویلین چلتاکیا، دن کے اختتام پر بہاولپور نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے ایک رن بنالیا۔پشاور سے میچ میں لاہور راوی کی ٹیم 210رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، تنزیل الطاف52 اور جہانگیر مرزا51رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عزیزاللہ نے 3 اور جبران خان نے 2 وکٹیں لیں۔کراچی وائٹس نے ملتان کو 115 پر ٹھکانے لگانے کے بعد جوابی اننگز میں تین وکٹ پر 126رنز بنا لیے، ملتان کی تباہی میں میر حمزہ نے5 وکٹیں لیکر کلیدی کردار ادا کیا، بابررحمان نے 3 جبکہ خرم شہزاد نے2 کھلاڑیوں کو قابو کیا، وائٹس کے محمد وقاص31 اور سعدعلی34رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔کوئٹہ کیخلاف اسلام آباد نے 6 وکٹ پر373 رنز اسکور کیے، فیضان ریاض213 پر ناٹ آئوٹ ہیں۔حیدرآباد سے مقابلے میں فیصل آباد نے7 وکٹ پر 283رنز بنائے، عمار محمود147 کی اننگز کھیل کر میدان بدرہوئے، ناصر اویس نے 4 وکٹیں لیں۔