بارش سے تباہ کاریاں؛ عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، بلاول

اسٹاف رپورٹر  منگل 25 اگست 2020
یہ وقت الزام تراشی کا نہیں بلکہ عوام کو بارشوں کی تباہی سے بچانے کا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی (فوٹو : فائل)

یہ وقت الزام تراشی کا نہیں بلکہ عوام کو بارشوں کی تباہی سے بچانے کا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی (فوٹو : فائل)

 کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل گھڑی میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔

اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے زور دیا کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے پارٹی کے تمام منتخب نمائندوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں بارش متاثرین کے مسائل حل کریں اور ان کا دکھ بانٹیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی عہدے داروں اور کارکنان کو بھی اپیل کی کہ وہ امدادی کاموں میں انتظامیہ سے تعاون کریں اور بارش متاثرین کا ہر ممکن خیال رکھیں، پاکستانی قوم ہمیشہ کی طرح باہمت و متحد ہے، ہم مشکل حالات میں طاقت بن کر آگے بڑھنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت الزام تراشی کا نہیں بلکہ عوام کو بارشوں کی تباہی سے بچانے کا ہے، الزام تراشی کرنے والوں کو نظرانداز کرکے سندھ حکومت اور جیالے عوام کی خدمت میں مصروف عمل رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔